ٹیکس محصولات میں 21فیصداضافہ حکومتی پالیسیوں کا مظہر ہے ‘ افتخار بشیر

منگل 3 مئی 2016 12:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء )تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ ٹیکس محصولات میں21فیصد اضافہ حکومتی پالیسیوں کا مظہر ہے تاجر و صنعتکار برادری حکومت کے ساتھ ہے اور معاشی ترقی کیلئے اپنا اہم رول ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکاروں کا حکومت پر اعتماد کے اور ٹیکس دینے کے رجحان کے باعث دس ماہ میں ٹیکس محصولات گزشتہ سال کے مقابلہ میں 21فیصد بڑھ گئیں اور اس دوران ٹیکس وصولیاں 21فیصد اضافہ سے2341ارب روپے تک پہنچ گئیں ہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ میں1935ارب ٹیکس وصول ہواتھا ۔

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ صنعتکاروں و تاجر برادری کو رعایت دی جائیں تو ٹیکس محصولات میں مزید اضافہ ممکن ہے اور اس طرح حکومت کے ٹیکس اہداف کی تکمیل بھی ہوگی انہوں نے کہا کہ حکومت نئے بجٹ میں مزید ٹیکسوں کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے کوششیں کرے اور تاجر برادری کی تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ ان کی تجاویز سے ملکی معیشت ترقی کرے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔انہوں نے نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں مزید ایک ماہ اضافہ کو درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہونگے ۔