بادی النظر میں شہریوں کو پریشان کرنا نادرا کی پالیسی بن چکا ہے‘ لاہور ہائیکورٹ

منگل 3 مئی 2016 12:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے طلاق یافتہ خواتین کے بچوں کو ”ب“فارم جاری نہ کرنے پر ریجنل ڈائریکٹر نادرا سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ہربنس پورہ کی بشریٰ کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

بشریٰ بی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نادرا حکام بچوں کا ”ب“فارم جاری کرنے کے لئے سابق شوہر کا شناختی کارڈ مانگتے ہیں ۔

طلاق ہونے کے بعد سابق شوہر کا شناختی کارڈ کیسے حاصل کروں ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ نادرا کو بیٹیوں کا ”ب“فارم جاری کرنے کا حکم دیا جائے ۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیا کہ بادی النظر میں شہریوں کو پریشان کرنا نادرا کی پالیسی بن چکا ہے۔ عدالت نے ریجنل ڈائریکٹر نادرا سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا ۔