گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی موسمی پیشین گوئی پر توجہ دیں، محکمہ زراعت

منگل 3 مئی 2016 12:35

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء) محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ دو دن میں صوبہ پنجاب کے اضلاع اٹک ، چکوال ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، جہلم ، لاہور میانوالی ، ملتان ، راولپنڈی ، سرگودھااور سیالکوٹ میں بارشوں کی پیشین گوئی کی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ان اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے ۔

پنجاب کے تمام اضلاع میں اس وقت گندم کی کٹائی و گہائی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی موسمی پیشین گوئی پر توجہ دیں اور اس کے مطابق گندم کی کٹائی و گہائی کی منصوبہ بندی کریں۔

(جاری ہے)

بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی بند کردیں، بارش کے باعث پیداوار کو نقصان سے محفوظ کرنے کے لیے کھیت میں کٹائی کے بعد بھریاں چھوٹی باندھیں اورسٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں۔

کھلواڑے اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے ارد گرد بارش کے پانی کے نکاس کا انتظام کریں۔ زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی کٹائی ریپر یا کمبائن ہارویسٹر سے کریں تاکہ فصل زیادہ دیر تک کھیت میں نہ پڑی رہے اور بارش کی صورت میں پیداوار متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :