ضرب عضب کی وجہ سے کراچی میں تیزی سے امن قائم ہورہا ہے ،گورنرسندھ

امن وامان کی اس صورتحال کو دورس بنیاد پر قائم رکھا جائے،عسکری اور سیاسی قیادت قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی پلان پر کار فرما ہیں،عشرت العبادخان کی امریکی سفارتخانہ کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو

پیر 2 مئی 2016 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مئی۔2016ء) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ ضرب عضب کی وجہ سے کراچی میں تیزی سے امن قائم ہورہا ہے، اب کوشش ہے کہ امن وامان کی اس صورتحال کو دورس بنیاد پر قائم رکھا جائے ، اس ضمن میں عسکری اور سیاسی قیادت قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی پلان پر کار فرما ہیں،سیکیورٹی کی بہتر صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور شہر میں ترقیاتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ غربت کا خاتمہ اور ایسے عوامل کی بیخ کنی ہو جس کے ذریعے معاشرے میں جرائم جنم لیتے ہیں اور پروان چڑھتے ، خطے میں امن و ترقی کیلئے پر امن پاکستان ضروری ہے جبکہ پاکستان کی ترقی اور امن و امان کا انحصار کراچی کے امن و امان اور ترقی سے وابستہ ہے۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں آئے ہوئے پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانہ کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

جس کی قیادت ڈپٹی چیف آف مشن اسلام آباد Mr.Jonathan Pratt کررہے تھے جب کہ وفد میں Brian Heath Consul General Karachi of USA ، Zachary Harkenrider Consul General Lahore of USA ، William Martin Consul General Peshawar of USA ، Chad Peterson Political/Economic Chief ، Eugene Novikov Political Officer ، Scan Robinson Economic Officer شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانہ کے مختلف قونصلیٹ سے وابستہ اعلیٰ ترین سفارت کار ایک ساتھ گورنر سندھ سے ملاقات کیلئے گورنر ہاؤس تشریف لائے۔ دوران گفتگو گورنر سندھ نے سیکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے انہیں آگاہ کیا اور اس حوالے سے ہونے والی کامیابی کا تفصیل سے ذکر بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر سے جرائم کے مکمل خاتمہ تک دہشت گردوں کے خلاف اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاوقت کہ شہر و صوبہ کو جرائم پیشہ عناصر ،دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلر سے نجات نہیں دلا ئی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ عوام ، حکومت اور عسکری قیادت کا ایک ہی عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جمہوریت ہی عوامی مسائل کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء کیلئے ضروری ہے کہ احتساب کا عمل مستقل بنیاد پر جاری رہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اگر احتساب نہ ہوا تو معاشرہ بدنظمی کا شکار ہوجاتا ہے جس سے عوام کا جمہوریت پرسے اعتماد ڈگمگانے لگتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ ہر سطح پر احتساب کا عمل جاری رہے اور گڈ گورننس پروان چڑھے۔

انہو ں نے کہا کہ جس طرح سے ہماری افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے انہو ں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں متاثر ترین ملک ہے لہذاضروری ہے کہ پاکستان میں مستقل بنیاد پر استحکام پیدا ہو جس کیلئے بیرونی سرمایہ کاری اہم ذریعہ ہے ۔ انہو نے کہا کہ امریکہ کئی شعبوں میں پاکستان کی مدد کررہا ہے جس کیلئے پاکستانی عوام امریکی عوام کے احسان مند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً سندھ اور کراچی میں کامیاب سرمایہ کاری کے لئے موزوں شعبے موجود ہیں جس کا بھرپور استفادہ امریکی سرمایہ کار وں کو اٹھانا چاہئے۔ اس موقع پر امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اسلام آباد Mr.Jonathan Pratt نے گورنر سندھ کو بتایا کہ امریکہ کی مشہور کمپنیاں جس میں جنرل الیکٹرک ، پی جی اور اس جیسی دیگر بڑی کمپنیاں شامل ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتی ہیں اور امریکی سفارت خانہ کی کوشش ہے کہ پاکستان کے اس بدلتے ہوئے پر امن صورتحال کا فائدہ اٹھانے کے لئے امریکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں۔

انہو ں نے کہا کہ امیریکن سینٹر کے طرز پر کراچی میں نیشنل آرکائیو لائیبریری بنائی جارہی ہے جو شہر کے لئے خوشگوار تحفہ ہوگا۔ وفد نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا

متعلقہ عنوان :