اسلام آباد میں کم آمدنی والے ملازمین کو فراہم کردہ سرکاری رہائش گاہوں کے تفصیلی سروے کیلئے خصوصی یونٹ قائم کردیا،جو تفصیلات جمع کرنے کے اپنی سفارشات پیش کرے گا تاکہ سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت کیلئے بہتر انتظامات کیے جا سکیں

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کا اجلاس سے خطاب

پیر 2 مئی 2016 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کم آمدنی والے ملازمین کو فراہم کردہ سرکاری رہائش گاہوں کے تفصیلی سروے کیلئے خصوصی یونٹ قائم کردیا،جو تفصیلات جمع کرنے کے اپنی سفارشات پیش کرے گا تاکہ سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت کیلئے بہتر انتظامات کیے جا سکیں۔ یہ فیصلہ پیر کو یہاں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی سربراہی میں منعقد ہ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد، ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اجلاس کے دوران عمل درآمد کے لیے فوری خصوصی یونٹ کے قیام کی انتظامی منظوری د ی تاکہ یہ خصوصی یونٹ متعلقہ سیکٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں اس کام کو انجام دیتے ہوئے کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کی سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت کے لیے تفصیلی رپورٹ تیار کر کے سفارشات پیش کرے۔

(جاری ہے)

قائم کردہ خصوصی یونٹ کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کی سرکاری رہائش گاہوں کی جامع رپورٹ ممبرانجینئرنگ کو پیش کرے گا تاکہ رپورٹ اورسفارشات کی روشنی میں سرکاری گھروں کی مرمت اورتزئین اور آرائش کے لیے بہتر اقدامات اٹھائے جانے کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے ہدایات جاری کیں کہ جن رہائش گاہوں میں عرصہ 20 سالوں کے درمیان مرمت کا کوئی کام نہیں کیا گیا ان کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے ممبر انجینئرنگ سے کہا کہ سروے کی تکمیل کو جلد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کے رہائشی گھروں کی مرمت کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے فنانس ونگ کو بھی ہدایت کی کہ اس منصوبے کے لیے فنڈز کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے علاوہ اگر مزید فنڈز کی بھی ضرورت تومزید فنڈز بھی مہیا کئے جائیں گے تاکہ ایک عرصہ سے مرمت طلب سرکاری گھروں کی تزئین اور آرائش اور دیگر ضروری کاموں کو مکمل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :