طورخم بارڈر پر چیکنگ کیلئے جدید سکینرمشین کی تنصیب خوش آئند ہے، ضیاء الحق سرحدی

پیر 2 مئی 2016 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مئی۔2016ء)فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ خیبر پختونخوا (ایف سی اے جی)کے صدراور آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن(اے پی سی اے اے ) کے وائس چیئرمین ضیاء الحق سرحدی نے کلکٹر کسٹمز پشاور قربان علی خان کی جانب سے طورخم بارڈر پر افغانستان سے آنیوالے لوگوں کی سفری دستاویزات اور ان کے سامان کی چیکنگ کیلئے جدید سکینرمشین کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایف بی آر پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور سمگلنگ پر قابو پانے کے لئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ریگولر ایکسپورٹ میں آنیوالے مالوں کی چیکنگ کے لئے بھی طورخم بارڈر پر سکینر نصب کرے تاکہ غیر قانونی تجارت کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مسافرمختصروقت میں چیکنگ سے فارغ ہوجایا کریں گے جبکہ محکمہ کسٹمز اپنے آپریشنز میں کمپیوٹرائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کیلئے کوشاں ہے تاکہ بین الاقوامی تجارت کو مزید فروغ دیا جاسکے چونکہ اس وقت پاکستان کی 90فیصد تجارت بشمول برآمدات اور درآمدات کمپیوٹرائزڈ ہوچکی ہے جس کی بنیاد ایف بی آر کا وضع کردہ کسٹم کمپیوٹرائزڈ کلیئرنس نظام وی باک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے آنیوالے لوگوں کی تلاشی کیلئے سکینر کی تنصیب کا اقدام سیکیورٹی حوالے سے انتہائی خوش آئند ہے اور اس عمل سے جہاں جرائم پیشہ وارداتوں میں کمی واقع ہوگی وہاں سمگلنگ اور غیر قانونی تجارت پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔ضیاء الحق سرحدی جو کہ پاکستان افغانستان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے بانی ڈائریکٹر بھی ہیں نے کہا کہ کلکٹر کسٹمز قربان علی خان پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کے لئے جو گرانقدراقدامات اٹھا رہے ہیں اس کے انتہائی دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح طورخم بارڈر پر افغانستان سے آنیوالے مسافروں کی سفری دستاویزات اور سامان کی چیکنگ کیلئے سکینر نصیب کیا گیا ہے اسی طرح افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں آنیوالے مال اور ریگولر ایکسپورٹ اور امپورٹ کے مال کی چیکنگ کو یقینی بنانے کے لئے بھی سکینر نصب کیاجائے تاکہ غیر قانونی تجارت اور سمگلنگ پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سکینر کی تنصیب سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی حجم بڑھے گا بلکہ مال کی کلیئرنس کا عمل بھی جلد مکمل ہوگااور اس اقدام سے ایکسپورٹرز امپورٹرز اور کسٹمز کلیئرنگ فاروڈنگ اور بارڈر ایجنٹس کو بھی خاطر خواہ سہولیات فراہم ہوں گی۔