کوہاٹ، سرچ آپریشن کے دوران 78مشتبہ افراد کواسلحہ و منشیات سمیت گرفتار

پیر 2 مئی 2016 21:55

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مئی۔2016ء) کوہاٹ پی اے ایف بیس کے اطراف اور مضافات کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 78مشتبہ افراد کواسلحہ و منشیات سمیت گرفتارکر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی سونا خان کی زیر نگرانی پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او تھانہ محمدریاض شہید اسلام الدین کی قیادت میں اچانک کاروائی کرتے ہوئے پی اے ایف بیس کے اطراف میں واقع میاں گان کالونی،اکبر آباد اور میروزئی کی آبادی کا محاصرہ کرلیا اورتلاشی آپریشن کے دوران 50مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کیلئے مقامی تھانہ منتقل کردیا۔

آپریشن کے دوران پولیس نے اسلحہ و منشیات بھی برآمد کئے ہیں جن میں دو پستول ،چار چارجرز اور 80گرام چرس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر تھانہ بلی ٹنگ کے ایس ایچ او نذیر خان نے مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ اورکزئی بانڈہ میں اچانک چھاپہ مارا جہاں گھر گھر سرچ آپریشن میں 28مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا۔

کاروائی کے دوران پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے ایک رائفل،دو پستول ،مختلف بور کے درجنوں کارتوس اور 150گرام چرس برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے ہیں۔دریں اثنا ء شین ڈھنڈ روڈ پر بلی ٹنگ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران منشیات رکھنے کے جرم میں ایک شخص کو گرفتار کرکے 170گرام چرس قبضے میں لے لئے جبکہ 15مشکوک موٹر سائیکلیں بھی چھان بین کیلئے تحویل میں لیکر تھانہ بلی ٹنگ میں بند کردی گئی ہیں اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی میں پانچ افراد کو چالان کرکے 15000روپے کا جرمانہ وصول کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :