ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں توسیع دینے سے چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی میں اضافہ ہو گا؛سکندر حیات شیر پاؤ

وسائل کی منصفانہ اور آبادی کی بنیاد پر تقسیم کیلئے فوری اور جلد مردم شماری انتہائی ضروری ہے،مزید لیت و لعل سے کام نہ لیا جائے،سینئروزیرخیبرپختونخوا

پیر 2 مئی 2016 21:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین اور سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں توسیع دینے سے چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی میں اضافہ ہو گا اور باالخصوص خیبر پختونخوا اور پختونوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کونسل لوند خوڑ کے ضلعی ممبرآصف خان اور جنرل کونسلر شاکر خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں توسیع چھوٹے صوبوں کی حق تلفی کے مترادف ہے اور اس سے ان کو اپنا پورا حق نہیں مل پائے گاجو مرکزی حکومت کی معاندانہ پالیسیوں کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ اور آبادی کی بنیاد پر تقسیم کیلئے فوری اور جلد مردم شماری انتہائی ضروری ہے لہٰذا اس سلسلے میں مزید لیت و لعل سے کام نہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف واجب الادا بجلی خالص منافع کی پوری رقم ابھی تک فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے صوبہ کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں لہٰذا مر کزی حکومت کو چاہئے کہ جل از جلد ہمارے واجبات ادا کرے تاکہ صوبے کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کو تمام سطحوں پر مزید منظم و فعال بنا یا جائے گا اور اس سلسلے میں کارکن رابطہ عوام اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کا سلسلہ مزید تیز کردے۔

سکندر شیرپاؤ نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی اور پختونوں کی خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی اور اس ضمن میں کو ئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی پشاور زون کے سیکرٹری جنرل کفایت علی ایڈوکیٹ،وائس چیئرمین تانیہ گل ایڈوکیٹ،کیوڈبلیو پی ضلع مردان کے آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران عبدالغفار خان مہمند،اعجاز خان ہوتی،فضل مالک،ظہور خان مہمند،شاہد خان آفریدی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :