نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرکے پاکستان کا مستقبل تابناک بنائیں گے، محمد شہبازشریف

اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم کیلئے سکولوں میں لایا گیا ہے، ہوٹلوں، ورکشاپوں، پٹرول پمپوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ اگلا ہدف ہے،مقرر کردہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے مزید محنت، عزم اور لگن سے کام کرنا ہوگا‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

پیر 2 مئی 2016 21:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سکول ایجوکیشن کی بہتری کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام نہایت اہمیت کا حامل ہے، ٹیچرز ٹریننگ پروگرام تعلیمی اصلاحات کے روڈمیپ کا ایک اہم جزو ہے،سکولو ں میں اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد کے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت تعلیم کے معیار میں بہتری آئی ہے، ملک کا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے،تعلیم اور صحت ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

دونوں شعبوں کی بہتری کیلئے جتنے وسائل درکار ہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

4 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں سکول ایجوکیشن کی بہتری، اساتذہ کی تربیت، آئی ٹی کے فروغ سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سکولو ں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

سکولوں میں اربوں روپے سے عدم دستیاب تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔تدریس کے معیار کو بہتر بنانے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔اربوں روپے کی لاگت سے پنجاب کے ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنائی گئی ہیں۔ میرٹ اور شفاف پالیسی کے تحت ذہین طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں اور اب ہائی سکولوں کے طلبا و طالبات میں ٹیبلٹس تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ سے ہمارا مستقبل جڑا ہے۔ نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرکے پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنائیں گے۔اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم کیلئے سکولوں میں لایا گیا ہے۔ ہوٹلوں، ورکشاپوں اور پٹرول پمپوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہمارا آئندہ کا ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقرر کردہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے مزید محنت، عزم اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔

سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، ماہرین تعلیم اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔