منظور وسان کی لندن میں آصف زرداری سے ملاقات،ملک کی سیاسی صورتحال ،سندھ کے امور پر تبادلہ خیال

پیر 2 مئی 2016 21:10

منظور وسان کی لندن میں آصف زرداری سے ملاقات،ملک کی سیاسی صورتحال ،سندھ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) سندھ کے وزیرمعدنیات ومعدنی ترقی منظور حسین وسان نے پیرکولندن میں سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے بیٹے صاحبزادہ ھالار منطور وسان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر نے ملاقات کے بعد لندن سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو ہوئی اور پاناما لیکس کے انکشافات اور اس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے مابین رابطوں کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی اس موقع پر سندھ کے سیاسی اور انتظامی معاملات اور ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار سے بھی شریک چیئر مین کو آگاہ کیا گیا ۔

صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا کہ ان کے خیال میں تخت لاہور کے لئے آئندہ 90دن بہت مشکل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بہت جلد جنوبی اور سینٹرل پنجاب ،پشاور اور کوئٹہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔جبکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی اور مقامی قیادتیں رابطہ عوام مہم تیز کریں گی ۔جس کے لئے شریک چیئر مین اور چیئر مین پیپلز پارٹی کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم کو از سر نو مربوط کیا جائے گا جس کے بعد بہت ساری نئی تبدیلیاں دیکھی جاسکیں گی ۔