مدارس مساجد کو انتہاپسندی ،دہشتگردی کیخلاف مراکز بنانا ہوگا‘ مقررین

پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو متحد ہوکر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہوگا،کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام کرپٹ لوگوں کا احتساب کرنا ہوگا‘طاہر محمود اشرفی ، صاحبزادہ زاہد قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ،مولانا محمد امجد و دیر کا علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب

پیر 2 مئی 2016 20:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) مدارس مساجد کو انتہاپسندی ،دہشتگردی کیخلاف مراکز بنانا ہوگا، اسلام ،مدرسہ اور مسجد کے نام پر انتہاپسندی اور دہشتگردی کی تعلیم دینے والوں کااسلام اور اہل اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو متحد ہوکر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہوگا،کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام کرپٹ لوگوں کا احتساب کرنا ہوگا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب مقررین نے کہی۔ کنونشن کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشتگردی عالمی مسئلہ بن چکی ہے جس کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب اور مسالک کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو مختلف فتنے گھیر رہے ہیں اور داعش اس وقت کا سب سے بڑا فتنہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل آئمہ مساجد ،خطباء ،اور مدرسین کیلئے معلوماتی اور تربیتی نشستوں کا اہتمام کررہی ہے تاکہ ان کو عصر حاضر کے علوم اور تقاضوں سے آگاہ کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ جو مدارس یا مساجد انتہاپسندی ،دہشتگردی میں ملوث ہیں ان سے علماء حق کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ان سے مسلمانوں کو تعلق رکھنا چاہئے۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ علماء کو معاشراتی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار اداکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کہ غیرت کے نام پر قتل اسلام میں قطعی حرام ہے ۔غیرت کے نام پر قتل کرنے والا فساد فی الارض کا بھی مجرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ علماء کو بچیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے اور جہیز کی رسم کے خاتمے کیلئے اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر نے کہا کہ بعض قوتیں نظام مصطفی ؐ کا نعرہ لگاکر نواز شریف کو ہٹانا چاہتی ہیں ان قوتوں نے ماضی میں بھی اسلام کانام لیا اور اسلام آباد کو مرکزی بنالیا ۔پاکستانی قوم نظام مصطفی ؐ کے نام پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دے گی۔کونشن سے مولانا محمد امجد،علامہ شبیر احمد عثمانی،مولانا فہیم الحسن فاروقی،قاری عقیل حسنین ،ڈاکٹر خالد راؤف ،مولانا محسن سعید ثاقب،مولانا بلال شمشاد ،حکیم مدثر احمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :