پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے ٗ احسن اقبال

موجودہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی وجہ سے بہت جلد توانائی کے بحران پر قابو پا لے گی ٗ وفاقی وزیر

پیر 2 مئی 2016 20:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ وہ پیر کو یہاں ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل روبرٹو ایزی ویدو سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیر تجارت خرم دستگیر خاں بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کا اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے۔

پاکستان ڈبلیو ٹی او کے ذریعے عالمی تجارت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

تجارت میں خواتین کے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین تجارت اور صنعت کے شعبے میں اپنی اہمیت منوا رہی ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ وژن 2025ء کا مقصد ملک کی مضبوط مستحکم ترقی کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ انہوں نے وژن 2025ء کے تحت کامیاب اقتصادی و تجارتی پالیسیوں کی روشنی میں 2025ء تک بیرونی تجارت کا حجم 150ارب ڈالر تک بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی وجہ سے بہت جلد توانائی کے بحران پر قابو پا لے گی۔