دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق اُمور کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزارتی کمیٹی کا اجلاس، نوآباد کاری اور اعتماد سازی کیلئے تجویزکردہ منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت

قومی اہمیت کے اس منصوبے کی تعمیر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہرکا اجلاس سے خطاب

پیر 2 مئی 2016 20:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق اُمور کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں نوآباد کاری اور اعتماد سازی کیلئے تجویزکردہ منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہاہے کہ قومی اہمیت کے اس منصوبے کی تعمیر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

پیر کودیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر اور اس کی خاطر زمین کے حصول سے متعلق اُمور کا جائزہ لینے کے لیے وزارتی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید،وفاقی وزیر پلانگ احسن اقبال ، وفاقی وزیر برائے بین الاقوامی الصوبائی اُمور ریاض حسین پیر زادہ ،وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی یونس ڈھاگہ ،وفاقی سیکرٹری اُمورکشمیر عابد سعید،چیرمین واپڈا ظفرمحمود ،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان طاہر حسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارتی کمیٹی کو بریف کرتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرکے لیے مطلوبہ زمین کا زیادہ تر حصہ حاصل کر لیا ہے اور اس ضمن میں 46 ارب روپے اب تک انتہائی صاف و شفاف نظام کے تحت ادا کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے آگاہ کیا کہ بھاشا ڈیم ذخائر کی زمین مکمل طور پر حاصل کی جاچکی ہے اور اس کے علاوہ دیگرزمین کے حصول کا عمل بھی جلد شروع ہو جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے اس منصوبے سے متعلق تمام معاملات کا باغور جائزہ لے کر اس کے اوپر جلد پیش رفت کی جائے تاکہ ڈیم کی عملی تعمیر کا عمل جلد سے جلد شروع کیا جاسکے۔اجلا س میں وفاقی وزراء نے ڈیم کی تعمیر سے متعلق اعتماد سازی کے منصوبوں پر جلد پیش رفت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اعتماد سازی سے متعلق منصوبوں یعنی کیڈٹ کالج کی تعمیر،صحت ،تعلیم پانی کی فراہمی اور دیگر متعلقہ فلاحی منصوبوں کی تعمیر میں حائل روکاوٹوں کو دور کر کے جلد تعمیر شروع کی جائے۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ڈیم کی تعمیر میں حائل مسائل کو جلد از جلد دورکیا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے گی اوراعتماد سازی کے اقدامات اوردوبارہ آباد کاری کے تحت مجوزہ فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :