پاک سر زمین پارٹی نے لاہور کیلئے 25رکنی ورکنگ کمیٹی کا اعلان کر دیا

دورے پر آئے رہنماؤں نے سیاستدانوں کو شمولیت کیلئے دعوت دینا شروع کر دی

پیر 2 مئی 2016 20:15

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء)پاک سر زمین پارٹی نے صوبائی دارالحکومت لاہور کیلئے 25رکنی ورکنگ کمیٹی کا اعلان کر دیا ،لاہور کے دورے پر آئے ہوئے مرکزی رہنماؤں نے مختلف سیاستدانوں سے ملاقاتین کر کے شمولیت کیلئے دعوت دینا شروع کر دی ۔پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ہارون کی سربراہی میں لاہور کے دورے پر آئے ہوئے رہنماؤں نے گزشتہ روز سینئر سیاسی رہنما خالد کھرل سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

بتایاگیا ہے کہ رہنماؤں نے خالد کھرل سے رہنمائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کیلئے باضابطہ دعوت بھی دیدی ہے ۔ رضا ہارون نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے لئے 25رکنی ورکنگ کمیٹی کا حتمی فیصلہ کر کے اعلان کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں قدم صرف پاکستان کی بہتری کیلئے رکھا ہے اور ہم تمام شہریوں اور تمام رہنماؤں کو اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خالد کھرل سینئر رہنما ہیں اور ان سے بہت سے معاملات میں رہنمائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کی طرف سے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کی خواہش کے اظہار کے سوال کے جواب میں کہا کہ کچھ لوگوں نے دوسری پارٹیوں میں موجود رہ کر خواہش کا اظہار کیا ہے اور اسے فی الحال سامنے نہیں لایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا مقصد دلوں کو توڑنا نہیں بلکہ جوڑنا ہے اور ہم اسی لئے لاہور آئے ہیں۔