کراچی ،محکمہ کسٹم پریونیٹو نے جناح ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کولمبو جانے والے مسافر سے 3کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی

پیر 2 مئی 2016 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) محکمہ کسٹم پریونیٹو نے جناح ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کولمبو جانے والے مسافر سے 3کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی ہے ۔پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 2کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔یہ بات ایڈیشنل کلیکٹر کسٹم فیروز عالم جونیجو اے ایف یو اولڈٹرمینل کارگو آفس میں پیر کو پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کسٹم پریونیٹو کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منشیات اسمگل کیے جانے کا امکان ہے ،جس پر پریونیٹو کے عملے نے 30اپریل کی رات ڈیپارچر لاؤنج میں کولمبو کی پرواز UL-184پر مسافر رضا منر ولد اختر جان کو مشکوک دیکھتے ہوئے جانچ پڑتال کی ۔مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے آئینہ کے کارٹن میں مہارت سے ہیروئن چھپائی ہوئی تھی ،جسے کسٹم کے عملے نے برآمد کرلیا ۔

(جاری ہے)

برآمد کی گئی منشیات کا وزن مجموعی طور پر 3کلو 400گرام ہے جس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت2کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔سیزر رپورٹ بنا کر ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ملزم کو CNS-1997اسمگلنگ ایکٹ کے تحت عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملزم کے گروہ کے مزید ارکان کو بھی گرفتار کرکے بے نقاب کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اس سال کسٹم کے شعبہ پریونیٹو نے دو بڑی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 26کلوگرام سے زائد ہیروئن اور دیگر منشیات برآمد کی ہے ،جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے ۔

متعلقہ عنوان :