متحدہ اپوزیشن نے پانامہ لیکس پر حکومتی ٹی آو آرز مسترد کر دیے

وزیراعظم تحقیقات شروع ہونے کے ساتھ ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں،اپوزیشن نے ٹی اوآرز کا مسودہ تیار کرنے کیلئے متفقہ کور کمیٹی تشکیل دے دی،وزیراعظم پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہو کر اپنے اثاثوں کی تفصیلات بیان کریں۔متحدہ اپوزیشن کا اعلامیہ

muhammad ali محمد علی پیر 2 مئی 2016 19:25

متحدہ اپوزیشن نے پانامہ لیکس پر حکومتی ٹی آو آرز مسترد کر دیے

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02مئی۔2016ء) متحدہ اپوزیشن نے پانامہ لیکس پر حکومتی ٹی آو آرز مسترد کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کا پانامہ لیکس کے معاملے پر اہم اجلاس سینیٹر اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر جاری ہے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کی اعلی قیادت شرکت کر رہی ہے۔ اس موقع پر متحدہ اپوزیشن نے پانامہ لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے حکومت کی جانب سے بنائے گئےجوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز مسترد کر دیے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم سےفوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے اور نئے ٹی او آرز بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔متحدہ اپوزیشن کا اعلامیہ کے مطابق پاناما لیکس پرٹی اوآرز بنانے کیلئے اپوزیشن نے متفقہ طور پر کور کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی میں ہر جماعت کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔کمیٹی ٹی او آرز کو حتمی شکل دے گی۔متحدہ اپوزیشن نے قرار دیا کہ صدرمملکت فوری طور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کریں اور وزیراعظم پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہو کر اپنے اثاثوں کی تفصیلات بیان کریں ۔

متحدہ اپوزیشن نے مزید کہا کہ جب تک پارلیمنٹ کا اجلاس جاری رہے وزیراعظم باقاعدہ اجلاس میں شریک ہوں اور سوالات کے جوابات بھی دیں۔اسی طرح متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ وزیراعظم پانامالیکس پر بنائے گئے کمیشن کی تحقیقات شروع ہونے کے ساتھ ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔