وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف کا ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر پیغام

پیر 2 مئی 2016 18:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزادی صحافت ایک بنیادی انسانی حق ہونے کے ساتھ ساتھ تمام آزادیوں کی کسوٹی بھی ہے۔صحافت رائے عامہ کی تشکیل اور قومی شعور اجاگر کرنے کیلئے انتہائی اہم ذریعہ ہے۔ آزاد صحافت کا جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی پاسداری میں اہم کرادار ہے۔

پاکستان میں صحافی برادری کو اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ ملک کا مستقبل جمہوریت اور آزادی اظہار رائے سے وابستہ ہے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف نے ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اظہار رائے، مثبت اور بامقصد صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی اساس ہوتی ہے۔ مثبت و ذمہ دارانہ آزاد صحافت ملک کو کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کومنانے کا مقصد آزادی صحافت کی اہمیت، افادیت اور صحافتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالنا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اظہاررائے کی آزادی کوجمہوریت کالازمی حصہ سمجھتی ہے۔ صحافت کی موجودہ آزادی کسی کی دی ہوئی نہیں بلکہ صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدیدکرنا ہے کہ آزادی صحافت کیلئے جاری کاوشوں کو مزید تقویت دی جائے گی اور یہ جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کیلئے بھی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :