مال روڈ پر لاکھوں کے اجتماع سے حکمرانوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں‘ جمشید اقبال چیمہ

حکمران چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہو کر اپنے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے ‘ جلسے کی کامیابی کیلئے کردار ادا کرنے والوں کے اعزاز میں تقریب

پیر 2 مئی 2016 18:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مال روڈ پر لاکھوں کے اجتماع سے حکمرانوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں،حکمران میگا پراجیکٹس میں میگا کرپشن کرتے ہیں اس لئے انہیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں سے کوئی سروکار نہیں ، کارکن عمران خان کی کال کا انتظار کر رہے ہیں اور کرپشن کے خاتمے کی تحریک میں جانوں کے نذرانے بھی دینا پڑے تو دریغ نہیں کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مال روڈ پر جلسے کی کامیابی کیلئے کام کرنے والے کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کچھ وزراء اپنی وزارتیں پکی کر نے اور کچھ وزارتوں کے لئے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

شریف برادران نے اپنی کرپشن کا دفاع کرنیوالے وزراء کو ’’ اوور ٹائم ‘‘ لگانے کا کہہ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران شور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہو کر اپنے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے ۔ وفاقی اور صوبائی وزراء جس طرح کی زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے انکی اصلیت مزید کھل کر سامنے آ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی گراس روٹ کی جماعت ہے جبکہ موجودہ حکمران پیرا شوٹر ہیں ۔ قدرت کا قانون ہے کہ اوپر سے آنے والے نے نیچے ہی جانا ہے اس لئے زوال موجودہ حکمرانوں کا مقدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ عوام اربوں کی کرپشن کرنے والوں کی گیدڑ بھبکھیوں سے اچھی طرح آگاہ ہیں ۔ وہ وقت جلد آئے گا جب عوام حکمرانوں کے پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت نکلوائیں گے ۔