وزیر اعلیٰ پنجاب کا لیہ میں زہریلی مٹھائی سے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان

علاقے کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی‘شہباز شریف کی لواحقین سے گفتگو/اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی

پیر 2 مئی 2016 18:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف لیہ کے نواحی چک 105ایم ایل گئے اور زہریلی مٹھائی کھانے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔وزیر اعلی نے دل خراش واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جا ں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی و لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی-وزیراعلی فردا فردا متاثرہ گھرانوں کے لواحقین کے پاس گئے‘ ان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااور افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں- وزیر اعلیٰ نے ایک ہی خاندان کے زہریلی مٹھا ئی سے جاں بحق ہونے والے 13 افراد کے سربراہ عمر حیا ت ، نا صر بی بی ، محمد نذیر ، بشریٰ پروین ، فاطمہ بی بی، زاہدہ بی بی ، محمد صدیق، سلمیٰ بی بی ، حمیدہ بی بی ، عظمت بی بی ، فیض محمد ، ریاست علی ، شاکر علی ،محمد نواز ، رحمت علی ، محمد نیاز ، کلثوم بی بی ، محمد اکبر ، مقبول حسین سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دل خراش واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے- میری اور پنجاب حکومت کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس المناک واقعہ پر پوری قوم کو افسوس ہوا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھی اس افسوسناک واقعہ پر آپ سے تعزیت اور دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔زہریلی مٹھائی سے 30معصوم اور قیمتی انسانی جا نوں کے ضیاع پر وزیر اعظم پا کستا ن و پو ری قوم سوگوار ہے اور میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جا نب سے اس قیا مت صغریٰ کے موقع پر آپ کے دکھ میں شریک ہو نے کے لئے حاضر ہوا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ زہریلی مٹھا ئی سے ہما رے 30بیٹے بیٹوں ، بہنوں و بھا ئیوں کی شہادت قیامت صغریٰ ہے اور اس افسوسناک واقعہ سے ہنستے بستے گھر ویران ہو گئے ہیں ۔ وزیرا عظم نے مجھے خصوصی طور پررنج و الم کی اس گھڑی میں آپ کے دکھوں میں شریک ہونے کے لئے بھجوایا ہے ، وزیر اعظم پا کستان اس عظیم انسانی المیہ پر دکھی اور رنجیدہ ہیں اور جب تک آپ کو انصاف نہیں مل جا تا میں چین سے نہیں بیٹھوں گا ۔

وزیراعلیٰ نے لیہ میں زہریلی مٹھائی سے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت آپ کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی اور آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ میں آپ کے پیارے تو واپس نہیں لا سکتا لیکن آپ کیلئے جو کچھ ہو سکا وہ کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ میں اس افسوسناک واقعہ کی انکوائری کرا رہا ہوں ، جلد رپورٹ سامنے آئے گی-میرا آپ سے وعدہ ہے جہاں بھی غفلت سامنے آئی ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی اور کوتاہی کے ذمہ داروں سے پورا حساب لیا جائے گا۔

آپ کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے مٹھائی میں زہریلی دوا ڈالی ہے ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، آپ بالکل فکر نہ کریں۔ ذمہ دار بچ نہیں سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے لواحقین کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں میں یہاں دوبارہ آؤں گا اور آپ کے سامنے تمام حقائق رکھ کر انصاف کے تقاضوں کے مطابق اقدامات کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ اگر اس واقعہ کے دوران کوئی انتظامی یا علاج معالجے میں کوتاہی سامنے آئی تو اس کے اسباب رپورٹ میں سامنے آ جائیں گے۔ ذمہ داروں کو معافی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا- وزیراعلیٰ نے علاقے کے بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے گاؤں میں سڑکوں اور سکولوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

پنجاب حکومت آپ سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انصاف پورا ہوگا اور حساب بھی پورا لیا جائے گا۔ میرٹ اور شفاف انکوائری کے نتیجہ میں جو بھی غفلت کا مرتکب پا یا گیا اسے مثالی اور کڑے احتساب کا سامنا کر نا پڑے گا۔ انہوں نے کہا مریضوں کی دیکھ بھال احسن طریقے سے کرنے والے شاباش کے مستحق ہیں- وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو اندوہناک واقعہ پر تسلی اور حوصلہ دیا- قبل ازیں وزیراعلیٰ کو اس افسوسناک واقعہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران تسلی بخش جواب نہ دینے پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی عام وین میں بیٹھ کر لیہ کے چک 105 ایم ایل پہنچے اور انہوں نے سٹیج پر کرسیاں رکھنے پر برہمی کا اظہار کیا- اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین ، ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن ،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد ، ایم پی اے قیصر عباس خان مگسی ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مہر اعجاز احمد اچلا نہ ، سابق صوبا ئی وزیرضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک احمد علی اولکھ ، سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ ،کمشنر ڈی جی خان ، آر پی او ، ڈی سی او لیہ اور ڈی پی او لیہ بھی مو جو د تھے ۔

متعلقہ عنوان :