آئی جی خیبرپختونخوا نے بونیر کے پولیس آفسروں وجوانوں کو سروں کی قیمت رکھنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا

پیر 2 مئی 2016 18:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں ضلع بونیر کے پولیس آفسروں وجوانوں کو سروں کی قیمت رکھنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور اُن سے بارودی مواد برآمد کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوارا۔واقعات کے مطابق گذشتہ روز بونیر پولیس نے ایک کاروائی کے دوران آپردیر سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں بادشاہ حسین، فرمان اور عمران کو اس وقت گرفتار کیاتھا۔

جب وہ براستہ کنگر گلی ضلع بونیر میں دہشت گردانہ کاروائیوں کی غرض سے داخل ہو رہے تھے۔ دہشت گرد پولیس اسٹیشنوں پر حملے اور 2009 میں گندیگارپولیس اسٹیشن پر حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار کو شہید اور 4 اہلکاروں کو زخمی کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشت گردوں نے آپر دیر اور باجوڑ کے دہشت گرد ٹریننگ سنٹروں میں تربیت حاصل کی تھی۔ بونیر پولیس نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر 15،15 کلو گرام کے چارعددبم ،205 کلو گرام بارودی مواد، ایک ایل ایم جی بمع16 عدد راؤنڈز، تین کلاشنکوف اور آرپی جی کے 4 عدد گولے برآمد کئے تھے۔

گرفتار دہشت گردوں کی سروں کی قیمت 10، 10 لاکھ روپے فی کس مقرر تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے کاروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بونیر میں اچھی اور مثالی پولیسنگ جوانوں کی شبانہ روز سخت محنت اور فرض شناسی کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ بونیر پولیس نے بروقت کاروائی کرکے ضلع کو بڑی تباہی سے بچالیا ہے۔

اور دہشت گردوں کے خلاف بونیر پولیس کی پے در پے مسلسل کامیابیوں اور کامرانیوں نے پورے صوبے کی پولیس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اور اُن کی کارکردگی کو فورس کے سارے جوانوں کے لیے قابل تقلید قرار دیا ہے۔ آئی جی پی نے اس موقع پر ایس ڈی پی اُو پیر بابا سرکل فرمان اﷲ، ایس ایچ اُو پولیس اسٹیشن جیوڑسب انسپکٹر حسین زادہ خان، کانسٹیبلان لعل زمین، شیرولی، نور ملوک، ممتاز رحیم، سپیشل پولیس آفیسرسید جوہر اور ڈرائیورمسلم کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :