پشاور ،ملحقہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے احتجاج شروع کردیا

پیر 2 مئی 2016 18:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء)پشاور اور ملحقہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیئے،گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا پشاور میں گرمی کی شدت کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ،جس کے خلاف ہزار خوانی کے مکینوں نے رنگ روڈ جمیل چوک کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین نے روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ دن میں صرف کبھی کبھار بجلی ہوتی ہے جبکہ بارہ گھنٹے نہیں ہوتی،مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے تک روڈپر احتجاجی کیمپ لگا دیا اور روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیاپشاور کے نواحی علاقے شاہ عالم پل میں بھی مکینوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور چارسدہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا،پشاور شہر میں اس وقت آٹھ گھنٹے جبکہ نواحی علاقوں میں بارہ گھنٹوں سے بھی زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔