سمندر کی سطح بڑھنے سے کراچی زیرآب آ سکتا ہے ، سپارکو حکام

پیر 2 مئی 2016 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) سپارکو نے موسمیاتی تبدیلیوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات کی رپورٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی ہے۔ سپارکو حکام کے مطابق سمندر کی سطح بڑھ رہی ہے۔ کراچی سمیت کئی ساحلی شہر خطرے میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق دنیا کے کئی ممالک خطرے میں ہیں۔ دریاؤں اور سمندروں کے ڈیلٹے زمین میں دھنس رہے ہیں۔ 5 کروڑ انسانوں کو بچانے کے لیے بندوبست کر لیا جائے، وقت صرف 20سے 25سال کا ہے۔

سپارکو نے دنیا کے بدلتے ہوے موسموں اور ممکنہ تباہی کے خطرات کی گھنٹی بجا دی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلیوں کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران سپارکو حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر دنیا 7 برسوں سے خشک سالی کا شکار ہے۔ دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

سمندروں کی سطح 1.3ملی میٹرکی شرح سے بڑھ رہی ہے۔تازہ پانی مناسب مقدار میں نہ ملنے سے سمندر خشک زمین کو کھا رہے ہیں۔

سپارکو حکام کا کہنا ہے کہ دیگر سمندروں کی طرح بحیرہ عرب اور دریائے سندھ کے ڈیلٹے زمین میں دھنس رہے ہیں جس سے سب سے زیادہ خطرہ کراچی اور ساحلی پٹی کو ہے کیونکہ بنگال میں آنے والے سائیکلون کی شدت بحیرہ عرب کی جانب منتقل ہو رہی ہے۔ایسی صورتحال میں سمندر کی لہریں کراچی میں براہ راست داخل ہو سکتی ہیں۔ کراچی کو بچانے کیلئے یا تو ساحل کے قریب موجود انفراسٹرکچر کو پیچھے ہٹایا جائے یا بند باندھا جائے۔

متعلقہ عنوان :