بلدیہ عظمیٰ کراچی کا لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کی 2 منزلوں پر واقع دکانیں اور 2منزلوں پر واقع دفاتر کی بکنگ کا عمل جلد شروع کرنے کا فیصلہ

پیر 2 مئی 2016 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کی 2 منزلوں پر واقع دکانیں اور 2منزلوں پر واقع دفاتر کی بکنگ کا عمل جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شہاب الدین مارکیٹ پارکنگ پلازہ میں جن دکانوں کا اسٹرکچر تیار ہوچکا ان کا قبضہ منتقل کئے گئے دکانداروں اور بیلٹ کے ذریعے دکانیں حاصل کرنے والے شہریوں کو جولائی تک دینے کی ہدایت کردی گئی ہے، مذکورہ دونوں منصوبوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے لائنز ایریا پارکنگ پلازہ اور ایمپریس مارکیٹ صدر سے متصل زیر تعمیر شہاب الدین مارکیٹ پارکنگ پلازہ کا دورہ کیا، اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکشن کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر نوید اظہار اور ڈائریکٹر ایس ایم طحہٰ کے علاوہ دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، شہاب الدین مارکیٹ کے معائنے کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی نے تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ لویئر فلورز پر جن دکانوں کا اسٹرکچر تیار ہوچکا ہے ان کا قبضہ جولائی تک مارکیٹ سے منتقل کئے گئے دکانداروں اور ان شہریوں کو دے دیا جائے جنہوں نے بیلٹ کے ذریعے مارکیٹ میں دکانیں حاصل کی ہیں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے صدر کے انتہائی گنجان علاقے میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ تاریخی ایمپریس مارکیٹ میں خریداروں کے رش کی وجہ سے زبردست دباؤ میں کمی آئے گی اور پرانی شہاب الدین مارکیٹ کی جگہ ایک جدید طرز کی مارکیٹ اور پارکنگ پلازہ کی شکل میں شہریوں کو باسہولت خریداری اور پارکنگ کی سہولت مہیا ہوگی، لائنز ایریا میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پارکنگ پلازہ کا دورہ کرتے ہوئے کے ایم سی ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے منصوبے کے متعلق تمام تفصیلات معلوم کیں اور عمارت میں سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے بنائے گئے جدید کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم نصب کیا گیا ہے اس موقع پر بتایا گیا کہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کے اندرونی اور بیرونی حصے کی مکمل مانیٹرنگ کیلئے 80سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ عمارت کے داخلی راستے اور مختلف حصوں کی نگرانی کیلئے بہترین انتظام موجود ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے پارکنگ پلازہ کی 2منزلوں پر واقع دکانوں اور 2منزلوں پر بنائے گئے دفاتر کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ان دکانوں اور دفاتر کی بکنگ کے لئے بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات جلد از جلد حاصل کرلی جائیں تاکہ اس کا تعین ہوسکے کہ یہ دکانیں اور دفاتر کس طرح اور کتنی مدت میں بکنگ کیلئے پیش کئے جائیں گے، انہو ں نے کہا کہ خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کو کار آمد بنانے کیلئے یہاں تعمیر کی گئی دکانیں اور دفاتر جلد بکنگ کیلئے دینے کا طریقہ کار اور عرصہ طے کرلیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ صدر کے علاقے میں گاڑیوں کی پارکنگ بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور اس کے حل کیلئے موجودہ اور نوتعمیر شدہ سہولیات کو فعال اور کار آمد بنانا ضروری ہے جبکہ تمام ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :