عافیہ کو امریکہ کے حوالے کرنا پانامہ لیکس میں شائع ہونے والی کرپشن سے کم نہیں ہے،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

نواز شریف نے حکمرانی کی ابتداء ہی عافیہ کو وطن واپس لانے کے جھوٹے وعدے سے کی تھی،پٹیل پاڑہ میں جلسہ سے خطاب

پیر 2 مئی 2016 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید ناحق سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے کاروان غیرت کے تحت جاری مہم کے سلسلے میں پٹیل پاڑہ کے الآصفہ فٹبال گراؤنڈ میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرعافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی و دیگرسیاسی اور سماجی رہنماؤں نے شرکت و خطاب کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کو امریکہ کے حوالے کردینا پانامہ لیکس میں شائع ہونے والی کرپشن سے کم نہیں ہے ۔ حکومت چاہے تو ڈاکٹر عافیہ 24گھنٹے میں واپس آسکتی ہے ۔وزیر اعظم اپنا گرتا ہوا سیاسی گراف عافیہ کو واپس لاکر بہتر کرسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر عافیہ کو تین معصوم بچوں سمیت اغواء کرکے امریکہ کے حوالے کیا جانا’’اختیاراتی بدعنوانی‘‘ Empowered Corruption کی بدترین مثال تھی جو کہ مالی بدعنوانی سے زیادہ بدترین اور شرمناک ہے جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ریاستی نظام کو اس حد تک کمزور کردیاگیا ہے کہ عدلیہ اور درجنوں سیکوریٹی اداروں کی موجودگی میں عافیہ اور اس کے تین کمسن بچوں کو اغواء کرکے سرحد پار دشمن کے حوالے کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی ادارے مضبوط اور آزاد ہوتے تو عافیہ کو محض جھوٹے الزام کی بنیاد پر بلا تحقیق و تفتیش امریکہ کے حوالے کرنے کی جرات اس وقت کے حکمرانوں کو ہرگز نہیں ہوسکتی تھی۔

اگرحکمرانوں اوربااختیار افراد کو آئین اور قانون کا تابع بنادیا جائے تو عافیہ کی وطن واپسی کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ عافیہ کی 13 سالہ رہائی اور وطن واپسی کی مہم ہی دراصل ریاستی اداروں کو Auto-correct کرنے کے عمل کی بنیاد بنی ہے جس کی تکمیل بے گناہ عافیہ کی وطن واپسی تک ممکن نہیں ہے جس کا ادراک حکمرانوں اور اداروں کو کرنا چاہئے اوراب عافیہ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کردینا چاہئے۔

پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے تیسری مدت حکمرانی کی ابتداء ہی عافیہ کو وطن واپس لانے کے جھوٹے وعدے سے کی تھی او راب پانامہ لیکس اسکینڈل کے معاملے میں مسلسل جھوٹ بولنے کی وجہ سے نواز شریف قوم کا اعتماد اور اخلاقی جواز دونوں ہی کھوچکے ہیں اس لئے اب اداروں کو آگے آکر قوم کی بیٹی عافیہ کو وطن واپس لانے کے اقدامات کرنا چاہئے۔

دیگر مقررین ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری ،نعیم الدین نعیم ، جماعت اسلامی جمشید زون کے جنرل سیکریٹری بخت علی شاہ ،عبدالشکور حسن زئی ، محمد نواز تنولی ایڈوکیٹ ،نعمان جہانگیری اور جلسہ کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف قوم کی بیٹی عافیہ کو وطن واپس لانے کا فریضہ سرانجام دیں، نواز شریف قوم کا اعتماد کھو چکے ہیں۔