قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے اجلاس میں ارکان کا حج2016کے کرائے بڑھانے کے حکومتی اقدام پر اجلاس سے واک آ?ٹ، اجلاس ایجنڈے کی تکمیل کے بغیر ملتوی

وزیراعظم نے ہارڈ شپ کوٹہ5فیصد سے کم کر کے 3فیصد کر دیا ہے، ٹور آپریٹرز کے معاملات کے جائزہ کیلئے 11رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے ،یہ آئندہ سال کی حج پالیسی میں پرائیویٹ ٹورز بارے سفارشات تیار کرے گی، آئندہ سال سے حج کوٹہ از سر نو تشکیل دیا جائے گا، اس سال عازمین حج کو 3وقت کا کھانا فراہم کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں،کمیٹی کو وزیر مملکت اور سیکرٹری مذہبی امور کی بریفنگ جہیز پر پابندی بارے ایم کیو ایم کی ثمن سلطانیہ جعفری کا بل ان کی عدم شرکت کے باعث موخر

پیر 2 مئی 2016 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں ارکان کا حج2016کے کرائے بڑھانے کے حکومتی اقدام پر کمیٹی کے اجلاس سے واک آ?ٹ، اجلاس ایجنڈے کی تکمیل کے بغیر ملتوی، کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم نے ہارڈ شپ کوٹہ5فیصد سے کم کر کے 3فیصد کر دیا ہے، جہیز پر پابندی بارے ایم کیو ایم کی ثمن سلطانیہ جعفری کا بل ان کی عدم شرکت کی وجہ سے موخر کر دیا گیا۔

پیر کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی زیر صدارت یہاں وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات، سیکرٹری مذہبی امور و دیگر حکام سمیت ممبران کمیٹی، پیر عمران شاہ، عبدالغفار ڈوگر، انجینئر علی محمد، صاحبزادہ یعقوب، شگفتہ جمانی، شاہدہ اور اختر علی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت امور پیر امین الحسنات نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ہارڈ شپ کوٹے کے حوالے سے بعض شکایات پر وزیراعظم حج 2016 میں یہ کوٹہ 5فیصد سے کم کر کے 3فیصد کر دیا ہے۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ حج ٹور آپریٹرز کے معاملات کے جائزہ کیلئے 11رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے یہ کمیٹی آئندہ سال کی حج پالیسی میں پرائیویٹ ٹورز بارے سفارشات تیار کرے گی، آئندہ سال سے حج کوٹہ از سر نو تشکیل دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال عازمین حج کو 3وقت کا کھانا فراہم کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں، گزشتہ سال دو وقت کھانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی، اس موقع کے کمیٹی کے تمام حکومتی اور اپوزیشن ارکان حج پالیسی 2016 کا مسودہ کمیٹی سے منظور نہ کرانے پر سراپا احتجاج بن گئے اور کہا کہ دیگر تمام وزارتوں کے اہم امور ان کی قائمہ کمیٹیوں میں لائے جاتے ہیں اور منظوری حاصل کی جاتی ہے مگر اس کمیٹی میں حج پالیسی کو زیر بحث لائے بغیر ہی اسے منظور کر کے اعلان کر دیا گیا۔

انجینئر علی محمد نے کہا کہ یہ رویہ درست نہیں وزارت کی سب سے اہم ذمہ داری حج آپریشن ہے، اگر اس بارے پالیسی سے ارکان کو بے خبر رکھا جائے گا تو پھر اس کے اجلاس بلانے کا کیا فائدہ، ارکان نے حج درخواستوں کا پیسہ نجی بینکوں کے سودی اکا?نٹس میں رکھنے پر بھی شدید احتجاج کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ حج کا پیسہ ایسے اکا?نٹس میں رکھا جائے جن کے شریعہ اکا?نٹس ہوں، کمیٹی ارکان نے حج کوٹہ تبدیل کرنے اور حج پالیسی بارے ارکان کی سفارشات کو حصہ نہ بنانے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کمیٹی میں شریک تمام ارکان حج مہنگا کرنے کے ایشو پر اجلاس سے واک آ?ٹ کر گئے۔ وزیر مملکت اور سیکرٹری مذہبی امور نے ارکان کو روکنے کی کوشش کی تاہم ارکان ان کی بات نہ مانتے ہوئے واک آ?ٹ کر کے اجلاس سے باہر چلے گئے۔ اس موقع پر وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات نے ارکان کے واک آ?ٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے، حج مہنگا نہیں کیا گیا،2لاکھ 61ہزار میں عازمین حج کو فرست کلاس سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے 10منٹ انتظار کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا۔