سعودی حکومت نے پاکستانی حاجیوں کے سعودیہ میں قیام کا دورانیہ بڑھادیا

پیر 2 مئی 2016 16:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) سعودی حکومت نے پاکستان سمیت ایشیائی عازمینِ حج کے قیام میں توسیع کرتے ہوئے حج کے فوری بعد واپسی پر پابندی عائد کردی ۔ تفصیلات کے مطابق جو حجاج حج کی ادائیگی کے فوری بعد وطن واپس آجاتے تھے ان کو اب حج کے بعد مزید4 دن رکنا پڑے گا ، اس اعلان سے پہلے زائرین اسلامی تاریخ 9 ذوالحج کو وقوفِ عرفات اور مشاعرِ مقدسہ میں واجبات کی ادائیگی کے بعد 12 ذوالحج کو واپس آجاتے تھے اب 16ذوالحج سے پہلے سعودی عرب سے نہیں نکل سکیں گے، سعودی حکومت نے سب سے پہلے 12-13ذوالحج کو جی سی سی (GCC) ممالک کے حجاج ، 14-15ذوالحج کو امریکہ ، آسٹریلیا اور یورپین ممالک کے حجاج جبکہ 16-17 ذوالحج کو ایشیائی ممالک کے حجاج کی سعودی عرب سے واپسی کا اعلان کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف ایشین حجاج کے کنوئنیر حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ اس سے عازمین حج پر اضافی بوجھ پڑے گااور ہوٹلوں کا نظام بھی شدید متاثر ہوگا لہٰذا جن ممالک کے عازمینِ حج کی تعداد زیادہ ہے ان کو پہلے نکلنے کا موقعہ دیا جائے اور مدینہ ائیر پورٹ کی استعدادِکار بھی بڑھائی جائے، انہوں نے کہا کہ حج آرگنائزرز جو شفٹنگ پیکجز متعارف کروا رہے ہیں وہ عازمین حج سے 16 ذوالحج تک پاکستان واپسی کے معاہدے کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم ذوالقعدہ کو سعودی عرب جانے والے زائرین کا قیام 40 دن کی بجائے 46 دن کا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :