مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کچھ ہوا تو مخالفین کی ایسی تیسی کردینگے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 2 مئی 2016 16:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو کچھ ہوا تو مخالفین کی ایسی تیسی کردینگے ، انہوں نے اپوزیشن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری حکومت نہ رہی تو آپ بھی وزیراعظم ہاوٴس میں رہنے کے قابل نہیں چھوڑا جائیگا ،بلوچ عوام وزیراعظم کے سپاہی ہیں ،حکومت کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم کی تقریب میں شرکت سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ‘ مخالفین 2018 تک صبر کریں اور اپنی کارکردگی دکھائیں۔

پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری نے صحت کارڈ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے غریب عوام کیلئے صحت کی سہولت انتہائی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

صحت پروگرام سے طبی سہولتیں میسر آئیں گی اور معاشی حالت بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے اور صوبائی حکومت پروگرام کی وسعت میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم کے دل میں بلوچستان کے لئے درد موجود ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم کے مثبت کاموں کے باوجود ان کیخلاف سازشیں ہوتی ہیں بلوچستان کی عوام وزیراعظم اور شہباز شریف کے سپاہی ہیں انہوں نے کہا کہ مخالفین 2018 تک صبر کریں اور اپنی کارکردگی دکھائیں فرد واحد کو احتساب کا حق نہیں دیں گے ہمارا احتساب صرف عوام کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت احمد صالح بلوچ نے کہا کہ سکیم کے تحت غریب اور نادار افراد صحت کی مفت سہولتیں حاصل کریں گے بلوچستان میں صحت پروگرام شروع کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔

وزیراعظم بلوچستان کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے پروگرام کی کامیابی کے لئے انتھک محنت کی۔ بلوچستان میں مایوسیوں کے بادل چھٹ رہے ہیں وزیراعظم کے اقدامات سے بلوچ عوام سکھ کا سانس لے رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی بدولت صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ دہشت گردوں کا راستہ روکنے کے لئے بلوچ نوجوانوں کے سروں پر ہاتھ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری پر بعض لوگ بلا جواز تنقید کررہے ہیں اقتصادی راہداری منصوبہ سے صوبے میں روزگار کے موقع پیدا ہوں گے صوبے میں ترقی کے لئے امن و استحکام نہایت ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :