فیڈریشن ملک میں ویٹ لیفٹنگ کھیل کی ترقی کیلئے کوشان ہیں، راشد ملک

پیر 2 مئی 2016 16:05

اسلام آباد ۔ 2 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مئی۔2016ء) پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن کے نائب صدر محمد راشد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن ملک میں ویٹ لیفٹنگ کھیل کی ترقی کیلئے کوشان ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے زیراہتمام مختلف شہروں میں گراس روٹ لیول اور سکول کی سطح پر ویٹ لیفٹنگ کے ٹورنامنٹس اور تربیتی کیمپس کا انعقاد کرتی رہتی ہے جس سے کئی جونیئر نوجوان مرد اور خواتین کھلاڑی سامنے آئے جن کو مختلف انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے بھیجا گیا، انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ فیڈریشن ملک میں قومی سطح پر چار ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد کرواتی ہے جس میں نیشنل سنیئر مینز چیمپئن شپ، نیشنل جونیئر مینزچیمپئن شپ، نیشنل سنیئرخواتین چیمپئن شپ اور نیشنل جونیئر خواتین چیمپئن شپ شامل ہیں، راشد ملک نے کہا کہ قومی سنیئر مینز ویٹ لیفٹنگ چیمپئن شپ 10 مئی سے لاہور میں شروع ہوگی جس میں ملک بھر سے 13 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان پولیس، خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں آٹھ ویٹ کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہونگے جن میں منفی 56 کلوگرام، منفی 62کلوگرام، منفی 69 کلوگرام، منفی 77 کلوگرام، منفی 85 کلوگرام، منفی 95 کلو گرام، منفی105 کلو گرام اور پلس 105 کلو گرام شامل ہیں۔ پاکستان واپڈا چیمپئن شپ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں شرکت کیلئے 9 مئی کو لاہور پہنچیں گی اور منیجرز میٹنگ 10 مئی کو صبح نو بجے ہوگی جس میں کھلاڑیوں کے ویٹ اور ڈراز کا اعلان کیا جائے گا چیمپئن شپ تین روز تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شرکت کرنے والی مختلف ٹیموں کے ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ ان کے علاقوں میں جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیدریشن کے صدر سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی ذ اتی کوششوں سے گراس روٹ لیول پر لڑکے اور لڑکیوں کیلئے تربیتی کیمپ لگائے جاتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ملک راشد نے کہا کہ سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران فیڈریشن گراس روٹ لیول پر مختلف شہروں میں سمر تربیتی کیمپ کا انعقاد کریگی۔