کلرسیداں محکمہ تعلیم نے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں اور بھٹہ خشت کا سروے کرکے 125 بچوں کی حتمی لسٹ حکومت کوارسال کر دی

پیر 2 مئی 2016 15:13

کلر سیداں ۔ 2 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مئی۔2016ء) لیبر ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کلر سیداں نے تحصیل انتظامیہ کی مدد سے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں اور بھٹہ خشت کا سروے کر کے 125 بچوں کی حتمی لسٹ پنجاب حکومت کوارسال کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (ایجوکیشن) کلر سیداں ڈاکٹر محمد اظہر نے اے پی پی کو بتایا کہ انہیں گزشتہ برس لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جو لسٹ فراہم کی گئی تھی ان میں سے صرف 39 بچوں کو ٹریس کیا گیا تھا جبکہ اس سال تعداد بڑھ کر 125 تک پہنچ گئی ہے جو تحصیل کلر سیداں کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں اور سکولز انتظامیہ ہر سال انہیں سکول یونیفارمز کیساتھ ساتھ ،جوتے،کتابیں اور کاپیاں بھی مفت فراہم کر رہی ہے تا کہ بھٹہ خشت میں کام کرنے والے مزدوروں کے بچے بھی دیگر بچوں کی طرح تعلیمی سہولیات سے فاہدہ اٹھاتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہو سکیں۔

ڈی ڈی ایچ او نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کے خاندانوں کو 2000 روپے ماہانہ امداد بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو جلد ہی ملنا شروع ہو جائے گی۔