وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اسلام آبادمیں کامیاب قومی کتاب میلہ منعقد کر نے پر عرفان صدیقی کو مبارکباد

پیر 2 مئی 2016 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اسلام آبادمیں کامیاب قومی کتاب میلہ منعقد کر نے پر عرفان صدیقی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سرگرمیاں صوبوں تک بھی پھیلائی جائیں ‘ انتہا پسندی جیسے مرض کے خاتمے کے لئے علمی و ادبی سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے ‘اردوکو بطور سرکاری زبان رائج کر نے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں ۔

پیر کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ کیلئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔انہوں نے اپنے ڈویژن کی کارکردگی بالخصوص بطور سرکاری زبان اردو کے نفاذ کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اردو کو بطور سرکاری زبان رائج کرنے کے لئے موٴثر اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہ آئینی تقاضا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے نظریات اور علامہ اقبال کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انتہا پسندی جیسے مرض کے خاتمے کے لئے علمی و ادبی سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں کامیاب قومی کتاب میلہ منعقد کرنے پر عرفان صدیقی کو مبارک باد دی اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں صوبوں تک بھی پھیلائی جائیں۔