کراچی سمیت بڑے شہروں میں امن بحال ہو چکا ، نواز شریف

پیر 2 مئی 2016 13:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مئی۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے، ملک میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے اقتصادی استحکام پیدا ہوا ہے،کامیاب فوجی آپریشن کے باعث دہشتگرد بھاگ رہے ہیں،اقتصادی راہداری سے خطے کے کروڑوں افراد کا معیارزندگی بہتر ہو گا،منصوبے سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خطے میں تجارت بڑھے گی،حکومتی اقدامات کی بدولت 2018تک ملک سے بجلی کا مسئلہ مکمل طور پر حل ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈی جی رابر ٹو ازیویدونے ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں ڈائریکٹر جنر ل ڈبلیو ٹی اونے خیر مقدم پر وزیر اعظم نواز شریف کاشکریہ ادا کیا اور انکے اقتصادی وژن کو راہا۔

(جاری ہے)

ڈی جی ڈبلیو ٹی او کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کار کے لیے بہترین ملک ہے،وزیر اعظم نواز شریف کے وژن سے سیاسی ستحکام کے لیے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی تجارتی تنظیم کے ساتھ وسیع شراکت داری چاہتا ہے جبکہ پاکستان تجارت سے متعلق قوانین کو بہتر بنارہا ہے، چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے خطے کے کروڑوں افراد کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں رابطوں اور اقتصادی راہداری منصوبوں پرتیزی سے کام کررہے ہیں، تجارتی قوانین سے عالمی سطح پر اشیا کی ترسیل میں مدد ملے گی جبکہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :