پاکستانی سیاست میں99فیصد لوگ کرپٹ ، جاگیرداروں اور وڈیروں کی وجہ سے ملکی ترقی ناممکن ہے ، جمشید دستی

پیر 2 مئی 2016 13:04

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مئی۔2016ء) عوامی راج پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ کرپشن کے باعث پاکستان جیسا ایٹمی ملک بھکاری بن چکا ہے، پاکستانی سیاست میں99فیصد لوگ کرپٹ ہیں جاگیرداروں اور وڈیروں کی وجہ سے ملکی ترقی ناممکن ہے ،عوامی راج پارٹی غریب عوام کی پارٹی ہے جو کہ سب کا بے رحمانہ احتساب کرے گی،نواز شریف اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں ،عمران خان کے جلسوں میں فحاشی قوم کیلئے ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نواحی علاقہ اڈہ پل14پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے ایٹمی صلاحیتوں سے مال مال ملک بھکاری بن چکا ہے ہم نے ملک میں کرپشن پر سزائے موت کا بل اسمبلی میں پیش کیا لیکن پیپلز پارٹی،تحریک انصاف اور کرپشن کرپشن کا راگ الاپنے والی جماعتوں نے اس بل کی حمایت نہ کی، کرپشن کے خاتمہ کیلئے سزائے موت کا قانون بنایا جائے کرپشن کے خاتمہ سے پاکستان دنیا بھر پر حکومت کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست تجارت بن چکی ہے99فیصد لوگ کرپٹ ہیں جاگیر دار اور وڈیروں کو سیاست سے نکالے بغیر ترقی کا حصول ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی ترجمان جماعت عوامی راج پارٹی ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے سرگرم عمل ہے جو کہ سب کا بلا امتیاز بے رحمانہ احتساب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزامات پر نواز شریف کو اقتدار سے علیحدہ ہو کر خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں فحاشی پھیلائی جاتی ہے ایسا نیا پاکستان قوم کو کسی صورت قبول نہیں ہے۔اس موقع پر چوہدری اشتیاق احمد کاہلوں ،انجینئر جہانذیب ،صفدر منہیس،حسیب خالد جوئیہ،محمد عارف سعید ،خالد محمود بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :