وزیر اعظم کے احکام نظرانداز، گوشوارے ویب سائٹ پر نہ ڈالے جاسکے

اراکین پارلیمنٹ کے اثاثے ویب سائٹ پر ڈالنے کے لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں قانون سازی کی جائے، الیکشن کمیشن

پیر 2 مئی 2016 12:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مئی۔2016ء) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثے ویب سائٹ پرڈالنے کے احکام کو نظرانداز کرتے ہوئے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شائع نہیں کی اور موقف اپنا یا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کے اثاثے ویب سائٹ پر ڈالنے کے لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں قانون سازی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے الیکشن کمیشن کو اثاثوں کی تفصیلات ویب سائیٹ پرڈالنے کے حوالے سے ہدایت دیے کئی روز گزر گئے ہیں مگر الیکشن کمیشن نے تاحال اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کمشین ایک خود مختار ادارہ ہے اور اس لئے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائیٹ پر اپ لوڈ نہیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اگر حکومت چاہتی ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پراپ لوڈ کی جائیں تو اس حوالے سے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں قانون سازی کی جائے۔الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات کتابی شکل میں شائع کر دی ہیں اگر کسی کو یہ تفصیلات چاہیں تو وہ الیکشن کمیشن سے اثاثوں کے تفصیلات کی کاپی خرید سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن سے نیب حکام نے سرکاری طور پر اثاثوں کی ایک کاپی حاصل کر لی ہے جو الیکشن کمیشن نے چئیرمین نیب کے خط پر انہیں مہیا کی ہے