آئی پی ایل میں مشکلات سے دوچار رائزنگ پونے سپر جائنٹس مزید پریشانیوں کا شکار ہو گئی

پیر 2 مئی 2016 12:22

آئی پی ایل میں مشکلات سے دوچار رائزنگ پونے سپر جائنٹس مزید پریشانیوں ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) میں مشکلات سے دوچار رائزنگ پونے سپر جائنٹس مزید پریشانیوں کا شکار ہو گئی اور آسٹریلین آل راوٴنڈر مچل مارش بھی انجری کے سبب رواں سال کے آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ۔یاد رہے کہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی ٹیم پہلے ہی کیون پیٹرسن اور فاف ڈیو پلیسی جیسے اسٹار کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے جو انجری کے سبب آئی پی ایل 2016 کے سیزن سے باہر ہو چکے ہیں۔

سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار نوجوان آسٹریلین آل راوٴنڈر مچل مارش اب وطن واپس لوٹ جائیں گے تاکہ جون میں آسٹریلیا کے دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل صحتیاب ہو سکیں۔کرکٹ آسٹریلیا اسپورٹس سائنس اور اسپورٹس میڈیسن منیجر ایلکس کونٹاوٴرس نے بتایا کہ مچل مارش کو چند دن قبل اپنی ٹیم پونے کے ساتھ ٹریننگ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے انجری ہوئی، وہ اپنی ٹیم کے اگلے میچ میں شرکت نہ کر سکے، انڈیا میں ان کے اسکین ہوئے اور انجری کی مزید تشخیص کیلئے وہ وطن واپس لوٹ رہے ہیں تاکہ دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل ان کا علاج کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ ہمیں ان کی انجری کی نوعیت کا صحیح طریقے سے اندازہ ہو جائے تو پھر ہم ان کی کرکٹ میں واپسی کے صحیح وقت کا تعین کر سکیں گے ‘مارش اب تک سات میں سے صرف تین میچوں میں پونے سپر جائنٹس کی نمائندگی کر سکے ہیں اور ان تین میچوں میں انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔مشکلات سے دوچار دھونی الیون اب تک سات میں سے صرف دو میچ جیت سکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے۔پیٹرسن اور فاف ڈیو پلیسی کی انجری کے بعد پونے سپر جائنٹس نے آسٹریلین بلے باز عثمان خواجہ سے معاہدہ کیا تھا اور اب مچل مارش کی انجری کے پاس ان کے پاس دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنانے کی جگہ موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :