وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ایکسپو سنٹر میں مزدوروں کے بچوں کیلئے خدمت کارڈز کے اجراء کی تقریب کے دوران قرضے معاف کرانے اور قومی دولت لوٹنے والوں پر کڑی تنقید

اتوار 1 مئی 2016 19:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایکسپو سنٹر میں بھٹہ پر کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کیلئے خدمت کارڈز کے اجراء کی تقریب کے دوران ایک بار پھر قرضے معاف کرانے اور قومی دولت لوٹنے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ احتساب اب نہیں تو پھر کبھی نہیں، سب کا کڑا احتساب وقت کی آواز ہے، وزیراعلیٰ نے جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان اور بلاول کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔

وزیراعلیٰ نے جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کی کرپشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ قرضے معاف بھی کراتے ہیں ‘ آف شور کمپنیاں بھی بناتے ہیں اور احتساب کا شور بھی مچاتے ہیں، عمران خان آپ تھک جاؤگے لیکن میں قرضے معاف کرانے والوں اور قومی دولت لوٹ کر ملک کو کنگال کرنے والوں سے لوٹی ہوئی رقم واپس لا کر رہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ غریب قوم اور محنت کشوں کی خون پسینے کی کمائی ہے، کس قدر منافقت اور دوغلاپن ہے کہ قوم کی دولت لوٹنے والے اور قبضے کرنے والے احتساب کے بارے میں ریلیاں نکال رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے ایک بچے کی جانب سے وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے پر کہا کہ اس بچے کے والد کے دور حکومت میں لوٹ مار کا بازار گرم رہا، قومی دولت عوام پر خرچ کرنے بجائے اپنی جیبیں بھری گئیں، اگر ان کے والد کے ایک بھی میگا سکینڈل کی تفصیلات سامنے آ گئیں تو شاید وہ چپ سادھ کر لاڑکانہ جا بیٹھیں، لہٰذا اس بچے کو سوچ سمجھ کر زبان کھولنی چاہیے۔