حکومت نے بھارت کیلئے ریڈیو پاکستان کی نشریات بند کردیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 1 مئی 2016 18:54

حکومت نے بھارت کیلئے ریڈیو پاکستان کی نشریات بند کردیں

لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-محمدنوازطاہرسے۔ یکم مئی ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھارت کیلئے ریڈیو پاکستان کی نشریات بند کردی ہیں جس سے مشرقی پنجاب(بھارت) کے عوام ریڈیو پاکستان کی نشریات سے محروم ہوگئے ہیں۔ یہ نشریات 15اپریل سے بند کی گئی ہیں جو یکم مئی تک بند ہیں اور مستقبل قریب میں یہ نشریات بحالی ہوتی دکھائی نہیں دیتیں۔ یہ نشریات مناواں کے تاریخی ٹرانسمیٹر سے نشر ہوتی تھیں جوختم کرکے ٹرانسمیٹر لاہو سنٹر میں” ڈمپ“ کردیا گیا ہے جبکہ یکم مئی کو اس ٹرانسمیٹر کے مقام پر ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

قیامِ پاکستان سے قبل یہ ٹرانسمییشن سنٹر 1937میں 48 کنال اراضی پر بنایا گیا تھا اور پاکستان کے قیام کا پہلا اعلان نشر کرنے کا اعزاز بھی اسی کو حاصل ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے جب 1965 ءمیں پاکستان پر حملہ کیا تو بھارتی فوج نے واہگہ بارڈر کراس کرنے کے بعد اس ٹرانسمیٹر پر قبضے اور استعمال کی کوشش کی تھی جو اس وقت ڈیوٹی پر موجود ڈرائیور شوکت بٹ نے ناکام بنادی تھی اور اس کے ارگرد دفاعِ وطن کے متعدد شہداءکی یادگاریں بھی ہیں۔

بھارتی پنجاب میں ریڈیو پاکستان کی دوسری نشریات کے ساتھ ساتھ ’پنجابی دربار“ خاص مقبولیت کا حامل ہے۔ واضح رہے کہ پانچ کلو واٹ کے اس ٹرانسمیٹر سے بھارت کے ڈیڑھ سو کلومیٹر سے زائد علاقے میں ریڈیو پاکستان کی نشریات سنی جاتی تھیں۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بھی ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل مرتضیٰ سولنگی نے میڈیم ویوز کی نشریات بند کیں تھی جس سے پاکستان کے ساتھ بھارت میں پاکستانی ریڈیو کے سامعین متاثر ہوئے تھے اور ان کے احتجاج کو بھی نظر انداز کردیا گیا تھا تاہم نوائے وقت کے ایڈیٹر انچیف مجید نطامی ( مرحوم) کے دباﺅ پر میڈیم ویوز کی نشریات بحالی کی گئیں تھیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں ریڈیو پاکستان کی نشریات صرف شارٹ اورت میڈیم ویوز پر ہی سنی جاتی ہیں جبکہ مرتضیٰ سولنگی نے میڈیم ویوز کی نشریات بند کرتے ہوئے صرف ایف ایم پر اکتفا کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ اب ایف ایم کا دور ہے اور اس میں تکنیکی بچت جواز پیش کیا تھا حالانکہ میڈیم ویوز کی نشریات بند کرنے کا اصل مقصد بھارت میں ریڈیو پاکستان کی نشریات بند کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :