روسی صدر نے گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کیلئے دورہ پاکستان سے انکار کردیا،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

اتوار 1 مئی 2016 18:25

روسی صدر نے گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کیلئے دورہ پاکستان سے انکار ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مئی۔2016ء) بھارتی میڈیا نے دعوی کیاہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کے لیے پاکستان کی دعوت پر دورہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے کی کوئی خاص اہمیت نہیں ۔بھارتی اخبار ڈی این اے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کے لیے پاکستان کی دعوت پر دورہ کرنے سے انکار کردیا ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں یہ رکاوٹ ایک ایسے وقت پر آئی ہے جب پاکستان روس سے ہتھیاروں اور طیاروں کی خریداری کی منصوبہ بند ی کررہاہے ، کئی باہمی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں اورانسداددہشتگردی کیلئے جائنٹ ورکنگ گروپ کے سلسلے میں وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ایک اعلی سطحی دورہ کا منصوبہ تھا اور دونوں ممالک کے رہنماؤ ں کے دوروں سے پاکستان کو امیدتھی کہ روس ایک قریبی اتحادی بن جائے گالیکن اب یہ امکان ختم ہوگیا، خیال کیاجارہاتھاکہ ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات بالخصوص تجارت اور انسداددہشتگردی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جارہاہے لیکن اب تازہ پیش رفت سے عمومی توقعات مسترد ہوگئیں ۔

رپورٹ میں روسی ایئرپورٹ پر روکے گئے 100سے زائد پاکستانی تاجروں کا بھی ذکر کیاگیا اور دعوی کیاگیاکہ اس معاملے سے نمٹنے، گرفتارپاکستانی تاجروں تک قونصلررسائی کے لیے پاکستانی سفارتخانے کاکافی مشکلات رہیں ،دونوں ممالک کی طرف سے اعتماد کی کمی واضح ہے جو کولڈوار کے عرصے سے چلاآرہاہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے روسی صدر پوتن کو دو ارب ڈالر کی قدرتی گیس کی کراچی سے لاہور پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کی دعوت اس مقصد سے دی تھی کہ اس دورہ کے دوران دونوں ممالک کے اعلی سطحی نمائندوں کی بات چیت سے دونوں کے درمیان اسٹریٹجک اور سیاسی اتحاد کاآغاز ہو سکے گا۔وزیر اعظم نواز شریف نے مسٹر پوتن کو یہ دعوت اپنے پچھلے ماسکو کے دورے کے دوران دی تھی۔

متعلقہ عنوان :