بھکر،یوم مزدوراں کے موقع پرمزدوروں کو خدمت کارڈز کے اجراء کا آغاز کردیا گیا

پہلے مرحلہ میں ضلع کے 329بھٹہ مزدوروں کو خدمت کارڈ جاری کیے جائیں گے

اتوار 1 مئی 2016 17:32

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔01 مئی۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے منظور کردہ پیکج کے تحت ضلع میں عالمی یوم مزدوراں کے موقع پر بھٹہ مزدوروں کو خدمت کارڈز کے اجراء کا آغاز کردیا گیا ہے جس کیلئے ضلعی محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام ڈی سی او آفس میں قائم کیے گئے خصوصی سہولت کاؤنٹر پر ایک پروقار تقریب منعقدکی گئی ۔تقریب میں سینیٹر ظفراللہ خان ڈھانڈلہ،ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی اور عرفان اللہ خان نیازی مہمانان خصوصی تھے جبکہ ڈی سی او احمد مستجاب کرامت نے تقریب کی صدارت کی ۔

اس موقع پر اے ڈی سی حافظ احمد طارق ،ای ڈی او ایجوکیشن ملک محمد اشرف،ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد شاہد رانا،ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن رانامحمد شبیر خاں،ڈی اوایلمنٹری ایجوکیشن /فوکل پرسن ملک محمود حسین ،ڈپٹی ڈی او ایلیمنٹری ایجوکیشن ڈاکٹر منیر حسین اور خدمت کارڈز حاصل کرنیوالے بھٹہ مزدور بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی،عرفان اللہ خان نیازی اور اے ڈی سی حافظ احمد طارق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عالمی یوم مزدوراں کے موقع پر بھٹہ مزدوروں کیلئے تاریخی فلاحی پیکج منظور کرکے ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات میں ایک اور مثالی قدم کا اضافہ کیاہے جس سے غریب بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو مفت حصول تعلیم تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا یہ تاریخی قدم انکی علم دوستی اور غریب پروری کا بین ثبوت ہے۔مقررین نے بھٹہ مزدوروں کو تاکید کی کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس فلاحی اور فراخدلانہ پیکج سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنائیں تاکہ وہ قومی ترقی کے میدان میں موثر ومتحرک کردار اداکرسکیں۔اس موقع پر ڈی اوایلیمنٹری ایجوکیشن ملک محمود حسین نے بھٹہ مزدوروں کیلئے خدمت کارڈ سکیم کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس سکیم کے پہلے مرحلہ میں ضلع کے 329بھٹہ مزدوروں کو خدمت کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانیوالے بھٹہ مزدوروں کو 2000روپے فی بچہ مالی معانت فراہم کی جائے گی جبکہ سکول میں داخل بچے کو 75فیصد حاضری پر 1000روپے ماہانہ وظیفہ دیاجائے گا۔انہوں نے بھٹہ مزدوروں سے کہاکہ اپنے 5سے 9سال تک عمر کے ہر بچے اور بچی کو سکول میں داخل کرائیں۔تقریب کے آخر میں سینیٹر ظفراللہ خان ڈھانڈلہ نے ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی،عرفان اللہ خان نیازی،ڈی سی او احمدمستجاب کرامت اور محکمہ تعلیم کے افسران کے ہمراہ بھٹہ مزدوروں میں خدمت کارڈز تقسیم کیے ۔