(کل) سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا، جس کی وجہ سے پیر شام سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، فاٹا، خیبر پختونخواہ، پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں وقفے وقفے سے کہیں کہیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

اتوار 1 مئی 2016 15:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء) محکمہ موسمیات کے مطابق (کل) پیر سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا۔جس کی وجہ سے پیر شام سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، فاٹا، خیبر پختونخواہ، پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں وقفے وقفے سے کہیں کہیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی (کل) پیر سے بدھ کے دوران تیز/گرد آلودہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق آئیندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم گرم /خشک رہنے کا امکان ہے۔خشک موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاشتکار حضرات گندم کی کٹائی کا سلسلہ مکمل کریں۔گرم اور خشک موسم کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 2سے 4ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔

(جاری ہے)

تاہم بارش اور تیز ہواؤں کے باعث منگل سے درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہو جائے گی اور اگلے ہفتے کے دوران پنجاب، فا ٹا، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان،کشمیر میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 2سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے جمعرات کے دوران پنجاب اورخیبر پختونخواہ میں زیادہ تر شام کے اوقات میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اس لیے کسانوں کو چاہئے کہ کٹائی کی ہوئی گندم کی فصل کی بھریاں باندھ کرکھڑا کر کے ڈھیر لگا دیں اوربھوسے کو مٹی سے ڈھا نپ دیں تاکہ نقصان سے محفوظ رہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے.جبکہ ملک کے میدانی اور جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔