پاک بھارت دو طرفہ تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، گوتم بمباوالے

اتوار 1 مئی 2016 15:43

راولپنڈی۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے ( Gautam Bambawale) نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کے کثیر مواقع موجود ہیں، بھارت میں پاکستانی مصنوعات بے حد پسند کی جاتی ہیں ، دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے بر آمد کنندگان اور کاروباری افراد کو ویزوں کے حصول میں آسانیاں لائی جارہی ہیں ۔

راولپنڈی چیمبر کے دورے کے موقع پر بھارتی ھائی کمشنر نے کہا کہ پاک بھارت دو طرفہ تجارتی حجم انتہائی کم ہے جس میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ دونوں ممالک کے مابین امن عمل معاشی راستے کے ذریعے ہی طے کیا جا سکتا ہے اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے چیمبر اور تاجر برادری اہم کردار اد ا کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بڑی منڈی ہے جس کی وسعت سے پڑوسی ملک سری لنکا اور بنگلہ دیش بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ پاکستان بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔

بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ کہ تاجر برادری دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تعلقات کی بہتری کی خواہاں ہے جس میں مزید بہتری کی بدولت پاک بھارت تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم سال2000 میں صرف ایک ارب ڈالر تھا جو آج بڑھ کر 75ارب ڈالر کے قریب پہنچ چکا ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم صرف 2.4 ارب ڈالر کے قریب ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :