رحیم یار خان،منتخب حکومت کے خلاف سازشیں اور ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ایک بار پھر ناکام ہوں گے،میاں امتیازاحمد

اتوار 1 مئی 2016 14:05

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ منتخب جمہوری اور عوامی حکومت کے خلاف سازشیں کرنے اور قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کوایک بار پھر ناکامی کا سامناکرناپڑے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ اپنی خدمات اور کارکردگی کی بدولت 2018ء کے عام انتخابات میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

رحیم یارخان میں شہریوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں امتیازاحمد نے کہا کہ پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھے جانے کے بعد سیاسی مخالفین کے پاس پراپیگنڈے اور احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں بچا۔ میاں امتیازاحمد نے کہا کہ حکومت نے اگلے ڈیڑھ‘2 برس میں ملک سے لوڈشیڈنگ سمیت تمام قومی مسائل حل کرنے کا عزم کررکھا ہے اور انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔

متعلقہ عنوان :