Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا پنجاب بھر میں یکم جولائی سے مزدور کی بنیادی تنخواہ 13ہزار سے بڑھا کر 14ہزار کرنیکا اعلان

ایک بچہ کہتا ہے کہ وزیراعظم گھر جائیں‘ بیٹا وہ بات کرو جس کو برداشت کر سکو‘ اپنے والد کے پانچ سال اٹھا کر دیکھو ان پر میگا کرپشن کا الزام ہے جس نے بھی کرپشن کی ہے وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا‘ عمران خان تم تھک جاؤ گے ،شہباز شریف آخری سانس تک لڑے گا‘ جہانگیر ترین نے خود تسلیم کیا کہ لندن میں ان کے فلیٹس ہیں‘ قرض معاف کروانے والوں کے پاس گاڑی بھی ہے اور جہاز بھی‘ دس ارب کا نوٹس بھیجنے والوں سے مقدمہ جیت کر پیسے عوام کو دونگا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 1 مئی 2016 13:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔01 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب بھر میں یکم جولائی سے مزدور کی بنیادی تنخواہ 13ہزار سے بڑھا کر 14ہزار کرنیکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بچہ کہتا ہے کہ وزیراعظم گھر جائیں‘ بیٹا وہ بات کرو جس کو برداشت کر سکو‘ اپنے والد کے پانچ سال اٹھا کر دیکھو ان پر میگا کرپشن کا الزام ہے‘ جس نے بھی کرپشن کی ہے وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا‘ عمران خان تم تھک جاؤ گے شہباز شریف آخری سانس تک لڑے گا‘ جہانگیر ترین نے خود تسلیم کیا کہ لندن میں ان کے فلیٹس ہیں‘ قرض معاف کروانے والوں کے پاس گاڑی بھی ہے اور جہاز بھی‘ دس ارب کا نوٹس بھیجنے والوں سے مقدمہ جیت کر پیسے عوام کو دونگا۔

وہ اتوار کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محنت کش کے بغیر دنیا کہیں بھی خوشحالی اور ترقی نہیں ہوسکتی۔ ناجائز منافع حاصل کرنے والے سرمایہ داروں نے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگایا۔ ہم چند ٹکوں کی خاطر بچوں کا مستقبل تاریک نہیں ہونے دیں گے۔ مزدور کے بچے کو دوسرے کے بچے کی طرح زندگی گزارنے کی سہولیات دیں گے۔

پنجاب بھر میں کہیں بھی بچوں کو مزدور نہیں کرنے دیں گے۔ ہمیں چائلڈ لیبر کا سو فیصد خاتمہ کرنا ہے‘ متعلقہ اداروں کو چار ماہ کا وقت دے رہا ہوں پٹرول پمپس اور ہوٹلوں سمیت کہیں بھی چائلڈ لیبر نظر نہ آئے۔ جب تک غریب کا بچہ سکول کالج نہیں جاتا تب تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اڑتالیس ہزار بچوں کو مزدوری سے نکال کر سکولوں میں لائے ہیں۔

مزدور بچوں کو سکول لے کر جانا میری اور پنجاب حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ بچوں کو سکول لے جانا ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج تھا۔ مزدور کے بچوں کو تعلیم‘ کتابیں‘ یونیفارم سب مفت فراہم کیا جائے گا۔ اشرافیہ کے بچوں کی طرح مزدوروں کے بچوں کا بھی مستقبل محفوظ کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ تیرہ ہزار روپے سے بڑھا کریکم جولائی سے پنجاب بھر میں چودہ ہزار ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قبضہ گروپ کے کہنے پر پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا ہے تاجر ہو‘ سیاستدان ہو جرنیل ہو جس نے بھی کرپشن کی وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ خان صاحب ایسے بات نہیں بنے گی آف شور کمپنیوں والا قبضہ گروپ آپ کے ساتھ بیٹھا ہے۔ میاں جی ساڈی واری آن دیو کہنے والے پاکستان کی ترقی پر وار کرنا چاہتے ہیں بہت جلد کمیشن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردے گا۔

ہم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کردیا خان صاحب سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں عمران خان تم تھک جاؤ گے شہباز شریف آخری حد تک جائے گا ہمارے بچے کمیشن کے سامنے پیش ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ قرض معاف کرانے والوں کی بیرون ملک آف شور کمپنیاں ہیں ان کے پاس جہاز بھی ہیں اور لمبی لمبی گاڑیاں بھی۔ ریلی اگر نکالنی ہے تو اپنی پارٹی کے خلاف نکالیں۔ دس ارب کا نوٹس بھیجنے والوں سے مقدمہ جیت کر پیسہ عوام کو دونگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک بچہ کہتا ہے وزیراعظم گھر جائیں بیٹا اپنے والد کے پانچ سال بھی اٹھا کر دیکھ لو آپ کے والد پر میگا کرپشن کا الزام ہے۔ بلاول آپ بچے ہو آپ کو آگے جانا ہے۔ قوم کی دولت لوٹنے والوں نے ہی ملک کو کنگال کیا ہے۔ اشرافیہ نے اربوں روپے کے قرضے لے کر معاف کرائے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کرپشن کے حوالے سے جلد کمیشن بنا دے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات