پنجاب میں تیزاب گردی کی تین وارداتیں، خواتین بچوں سمیت 6افراد شدید زخمی

تیزاب گردی کے واقعات حافظ آباد ،ملتان اور شجاع آباد میں پیش آئے ،متاثر خواتین کی حالت تشویشناک

اتوار 1 مئی 2016 12:01

حافظ آباد /ملتان /شجاع آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔01 مئی۔2016ء )پنجاب میں ایک ہی رات میں تیزاب گردی کے تین دردناک واقعات رونما ہوئے ۔ حافظ آباد میں چار اوباش نوجوانوں نے لڑکی پر تیزاب پھینک دیا۔تیزاب گردی کا نشانہ بنانے والے سلمہ کا چالیس فیصد جسم متاثرہوگیا۔ تیزاب گردی شکار خاتون کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

متاثرہ لڑکی کے مطابق میں ڈاکٹر کو چیک کروا کر گھر آرہی تھی کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پرسوارچار نوجوان نے میرے اوپر تیزاب پھیک دیا۔تاحال پولیس کی جانب سے نہ مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کیلئے کو ئی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تیزاب گردی کا دوسرا واقعہ شجاع آباد کے نواحی علاقے چک سردار پور میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

جہاں سوتی ہوئے ماں اور اسکے تین بچوں پر نامعلوم افراد نے تیزاب پھینک دیا۔

ممتاز مائی اور اسکے تین بچے صحن میں سو رہے تھے کہ رات کی تاریکی میی نامعلوم افراد نے تیزاب پھینک دیا جس سے ماں اور اس کے تین بچے جھلس گئے زخمیوں کو مقامی افراد سول اسپتال لے گئے جن کو ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد نشترہسپتال ملتان ریفر کر دیا ہے،،اسپتال ذرائع کے مطابق ممتاز بی بی اور اسکی چودہ سالہ بیٹی صباکی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس نے اسپتال پہنچ کر کاروائی شروع کر دی ۔ تیسرا واقعہ ملتان میں ہواجس میں نامعلوم شخص نے سوئی ہوئی لڑکی پر تیزاب پھینک دیا جسے تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملتان کے نواحی علاقے راجہ رام میں نامعلوم شخص نے گھر میں گھس کر 20 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک دیا۔ نامعلوم ملزم تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گیا۔لڑکی کو فوری طور پر نشترہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکا علاج جاری ہے ،،،پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کاروائی کا آغاز کر دیا۔