پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے فنڈنگ کرنیوالے بینکوں کو کچھ تحفظات کیوجہ سے منصوبہ سست روی کا شکار ہے‘ وزیر پیٹرولیم

وزیر اعظم اپوزیشن کے مطالبے پر کسی صورت استعفیٰ نہیں دینگے،پانامہ لیکس الزامات سے وزیر اعظم کا کوئی تعلق نہیں ‘ شاہد خاقان عباسی

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:37

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے فنڈنگ کرنیوالے بینکوں کو کچھ تحفظات ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپوزیشن کے مطالبے پر کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے،وزیر اعظم کو قومی اسمبلی نے منتخب کیا ہے اور وہ انہیں اس عہدے سے اتار سکتی ہے،پانامہ لیکس الزامات سے وزیر اعظم کا کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ انکے بیٹوں کے حوالے سے ہے اور وہی اس کا جواب دیں گے،صنعتی اور گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی ہٹانے کی سمری کیبنٹ ڈویژن کو بھجوا دی گئی ہے جو عنقریب منظور کر لی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں پاکستان میں توانائی کی کوئی قلت نہیں رہے گی ۔ایس این جی پی ایل کا کراچی تا لاہور ایل این جی پائپ لائن کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اوراسے دسمبر 2016ء میں مکمل کر لیا جائے گا۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر حکومت ہر طرح سے سنجیدہ ہے لیکن اس منصوبے کے لئے فنڈز فراہم کرنے والے بینکوں کو کچھ تحفظات ہیں جسکی وجہ سے یہ منصوبہ سست روی کا شکار ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پانچ ارب ڈالر سے گیس کی گھریلو اور کمرشل پائپ لائنیں تبدیل کر رہے ہیں۔