بلاول بھٹو نے تقریر میں آزاد کشمیر حکومت کی کرپشن کو تسلیم کیا ‘5سالہ کارکردگی کا ذکر جو بلاول بھٹو نے کیا ، اس کی حقیقت اور کرپشن سے پوری کشمیری قوم آگاہ ہے‘آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت کی کارکردگی اتنی اچھی ہوتی تو دوسری پارٹیوں سے اتحاد کی بھیک نہ مانگتی ‘مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور اٹھانے کا اعزاز صرف محمد نواز شریف کو حاصل ہے

وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہر کی بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے بلاول بھٹو کی کے کوٹلی میں جلسے سے خطاب پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے آزادکشمیر حکومت میں کرپشن اور بدانتظامی کو تسلیم کر لیا ہے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی تقریر میں یہ تاثرواضح نظر آ رہا تھا کہ وہ آزادکشمیر کی حکومت اور ان کی مقامی قیادت سے خوش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پیپلز پارٹی کی قیادت نے جو منصوبے بلاول بھٹو کو بتائے اُن کی حقیقت اوراُن میں ہونے والی کرپشن سے پوری کشمیر ی قوم آگاہ ہے اوراب وہ دوبارہ کرپشن نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے جیسی باتوں میں نہیں آنے والے اور وہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا خوب محاسبہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی اچھی ہوتی اور اگر اُن کو عوام کا اعتما دحاصل ہوتا تو وہ آج دوسری سیاسی جماعتوں سے اتحاد کی بھیک نہ مانگ رہے ہوتے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سمیت پورے ملک میں پیپلز پار ٹی زوال کا شکار ہے اور اُن کی پسپائی کا اندازہ اس امر سے لگا یا جاسکتا ہے کہ آج اُن کو شیخ رشید جیسے لیڈر کی ضرورت آنے پڑی ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ دوسروں پر ذاتی حملہ کرنے کی بجائے اورکیا ہی اچھا ہوتا کہ وہ جذبات کا سہارا لینے اورنعروں کے بجائے کشمیری عوام کو کوئی مستقبل کا ایجنڈا دیتے لیکن افسوس کہ اُن کی آزاد کشمیرکی قیادت کے پاس کرپشن کے سواکوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

انہوں نے تو اپنی پیپلز پار ٹی مرکزی حکومت کے دور میں کشمیر کونسل سے آزادکشمیر کے لیے 80 % کے فنڈزز بھی پورے نہ دیے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ہی حکومت کا ہی خاصا ہے کہ ہم نے نہ صرف کشمیر کونسل سے آزاد کشمیر کو 80فیصد کے فنڈ کی دستیابی کو یقینی بنایا بلکہ اس کے علاوہ کونسل کے ممبران کے فنڈز میں تین گناہ اضافہ بھی کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کشمیریوں کے حقوق کی بات کرنے والے بلال بھٹو اپنے دورے حکومت میں کہا تھے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ امتیاز محمد نوازشریف کو ہی حاصل ہے کہ انہوں نے جنرل اسمبلی کے تین اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں اٹھایا او رشاید بلال بھٹو اس حقیت سے بھی نا آشنا ہیں کہ ان کی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت نے خود نواز شریف کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امید کی آخری کرن تسلیم کیا ہے ۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیری عوام با شعور ہیں ،اپنا اچھا برا خوب جانتے ہیں وہ اپنے ووٹ کا فیصلہ خالصتاً میرٹ پر کریں گے اور آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کامیاب ہو کر محمد نواز شریف کے وژن کو آزاد کشمیر میں عملی طور پر نافذ کریں گے ۔