محنت کشوں کے حالات بہتر بنانا ،طبی سہولیات فراہم کرنا ،جائز حقوق دلوانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، گورنرسندھ کا یوم مئی کے موقع پر پیغام

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے حالات بہتر بنانا ، انہیں طبی سہولیات فراہم کرنا اور جائز حقوق دلوانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں محنت کشوں کا استحصال ہو وہ کبھی ترقی نہیں پاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آجر اور اجیر کے تعلقات مستحکم اور متوازن رکھ کر ہی صوبہ میں صنعتی ترقی و خوشحالی کا حصول ممکن ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش کسی بھی ادارہ کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں کیونکہ ان کی بھرپور محنت اور کاوشوں کے بغیر کوئی بھی ادارہ ترقی نہیں کرسکتا ۔آج کے دن ہمیں عزم کرنا چاہئے کہ محنت کشوں کو ہر سطح پر ان کا جائز مقام ملے کیونکہ جن ممالک نے شاندار معاشی ترقی کی ہے انکے پس پردہ ان ہی محنت کشوں کی کاوشیں نظر آتی ہیں ۔ ملک اور صوبہ کی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کا کردار ناقابل فراموش ہے اور معاشرے کے تمام افراد اس کے لئے ان کے شکر گزار ہیں ۔