وزیراعظم بڑی مشکل میں پھنسے گئے ہیں، ان کے صاحبزادے سے اقرار کی غلطی ہوگئی

ٹرسٹی، بینیفشل آنر میں کوئی فرق نہیں، ملکیت میں سب کا حصہ ہے، وزیراعظم پانامہ لیکس کیس سے بچ نہیں سکیں گے ، وہ مستعفی ہوجائیں ،سپریم کورٹ کمیشن کے ٹی او آرز تبدیل نہیں کر سکتی،چیف جسٹس ایسا کریں گے تو سیاست کا الزام لگ جائے گا،چیف جسٹس کو ضابطہ کار بنانے کا کہنا بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:02

وزیراعظم بڑی مشکل میں پھنسے گئے ہیں، ان کے صاحبزادے سے اقرار کی غلطی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اورسینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم بڑی مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں، وزیراعظم سے غلطی ہوئی کہ بیٹے سے اقرار کرالیا کہ یہ پراپرٹی ان کی ہے،ٹرسٹی، بینفشل آنر میں کوئی فرق نہیں ملکیت میں سب کا حصہ ہے، میاں صاحب کا نام جب تک کلیئر نہیں ہوتا انہیں استعفیٰ دینا چاہیے اور مجھے نہیں لگتا کہ ان کا نام کلیئر ہو سکے گا۔

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اس وقت مشکل دور سے گزر رہے ہیں، آج کے جلسے میں بلاول بھٹو نے واضح طور پر مسلم لیگ (ن) سے متعلق پیپلز پارٹی کی پالیسی بتا دی ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ میاں صاحب کا نام جب تک کلیئر نہیں ہوتا انہیں استعفیٰ دینا چاہیے اور مجھے نہیں لگتا کہ ان کا نام کلیئر ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ تحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز کو تبدیل نہیں کر سکتی، اگر چیف جسٹس ایسا کریں گے تو سیاست کا الزام لگ جائے گا، ٹی او آرز طے کرنا عدالت کا کام نہیں ہے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ بوکھلاہٹ کی نشانی ہے کہ چیف جسٹس کو ضابطہ کار بنانے کا کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بڑی مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں،وزیراعظم نواز شریف سے غلطی ہوئی کہ بیٹے سے اقرار کرالیا کہ یہ پراپرٹی ان کی ہے، ٹرسٹی، بینی فشل آنر میں کوئی فرق نہیں ملکیت میں سب کا حصہ ہے۔

اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ دستاویزات میں ظاہر ہوا کہ نیلسن اور نیسکول مریم نواز کی ملکیت ہیں، میاں صاحب کہتے ہیں کہ دوستوں سے قرضہ لے کر لندن میں کاروبار شروع کیا، انہیں وہ بینک ٹرانزیکشنز دکھانی ہوں گی جن میں وہ پیسہ لندن منتقل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ میاں صاحب اپوزیشن کے ضابطہ کار کو قبول نہیں کریں گے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ میاں صاحب کے پاس اس بھنور سے نکلنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلائیں اور اپنے اثاثوں کی تفصیلات سب کو بتا دیں تو معاملہ حل ہو جائے گا۔(اح)