سجاول، محکمہ جنگلات میں کروڑوں روپے کے جعلی پروجیکٹس کا انکشاف

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:50

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء)سجاول میں محکمہ جنگلات میں کروڑوں روپے کے جعلی پروجیکٹس کا انکشاف ہواہے ، ذرائع کے مطابق سجاول ضلع میں محکمہ جنگلات کے سوشل فاریسٹری میں کینال اور روڈس کے اوپر درخت لگانے کے مختلف جعلی منصوبے بناکر ان کے نام پر کروڑوں روپے ہڑپ کئے گئے ہیں ، سجاول ضلع میں تین نرسریوں میں ایک سال سے پودے لگانے کے لئے مٹیریل کی فراہمی بند کردی گئی جبکہ ملازمین کی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں ، سجاول بیراج ، سجاول نرسری، دڑو میں نرسریوں میں پودوں کے لئے بیج، کھاد، تھیلیوں اور دیگر اخراجات کی مد میں لاکھوں روپے ہڑپ کئے گئے ہیں جبکہ درختوں کی دیکھ بھال اور پانی وغیرہ کی فراہمی کے لئے بھی رقومات ہڑپ کرلی گئی ہیں، ذرائع کاکہناہے کہ سجاول میں موجود نرسری میں تین لاکھ پودوں کی گنجائش ہے ،تاہم ایک سال سے کوئی ایک بھی پودا نہیں اگایاگیاہے ، سالانہ لاکھوں پودے اگانے اور انکی دیکھ بھال کی مد میں رقومات خرچ کی جارہی ہیں ،سجاول نرسری کو پانی کی سپلائی کے لئے نہرکو بھی بند کردیاگیاہے اور اس پر ناجائز قبضے کرلئے گئے ہیں نہ صرف یہ بلکہ سجاول نرسری اور اس کے قریبی محکمہ جنگلات کی عمارات اور پلاٹ بھی قبضہ کرادئے گئے ہیں ،سجاول کے مختلف راستوں اور نہروں پر پودے اگانے کا کام کئی سالوں سے بند ہے جبکہ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے نہروں اور راستوں کے کنارے پرانے درخت کٹواکرفروخت کردئے ہیں ،درختوں کی کٹائی سے علاقے میں ماحولیات پر شدید منفی اثرات پیداہورہے ہیں ،اور گرمی کی شدت کے ساتھ بارشوں کا بھی فقدان پیداہوگیاہے جبکہ نہروں اور راستوں کے کنارے بھی بھربھرے ہوکر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، محکمہ جنگلات کے زیرسایہ علاقے کے تمام جنگلات کو کٹواکر صاف کرکے ہزاروں ایکڑ بااثرافراد کو لیز کردیاگیاہے تاہم وہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں رینجر، فاریسٹ آفیسر، گارڈس ، مالی تاحال کام کررہے ہیں ،علاوہ ازیں علاقہ سے کئی درجن ٹرک لکڑی روزانہ ٹھٹھہ سجاول پل کراس کراکے کراچی سپلائی کرنے کا کام بھی جاری ہے ، محکمہ جنگلات ٹھٹھہ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی وجہ سے علاقے کا ماحولیاتی نظام ڈانواڈول ہوگیاہے، جن کے خلاف کھلی تحقیقات کی ضرورت ہے۔