بلدیہ عظمی کراچی کا شہر سے چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کی ہدایت پر کراچی سے چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات جام خان شورو نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کراچی سے چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پہل کرتے ہوئے کراچی کے تمام علاقوں سے عنقریب چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کی شاہراہیں استعمال کرنے والی گاڑیوں (روڈ یوزر)سے سالانہ بنیاد پر چارجڈ پارکنگ، موٹروہیکل ٹیکس کے ساتھ وصول کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شہریوں سے جلد ہی تجاویز حاصل کی جائیں گی اور اخبارات کے ذریعے شہریوں کو اس بارے میں مطلع کیا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس وقت شہر کے مختلف چھوٹے بڑے 41 مقامات پر چارجڈ پارکنگ کی سہولت فراہم کر رہی ہے جس سے ادارے کو سالانہ چھ کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی ہے ان 41 مقامات میں سے 9 جگہوں پر مختلف کنٹریکٹرز کے ذریعے چارجڈ پارکنگ وصول کی جاتی ہے جبکہ دیگر مقامات پر کے ایم سی کا عملہ یہ کام انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ اس سے شہریوں کی چارجڈ پارکنگ سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہونے کے ساتھ ساتھ غیرقانونی چارجڈ پارکنگ سے بھی نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور شہریوں کے بہتر مفاد میں یہ فیصلہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اکثر شہری اس بات کی شکایات کرتے نظر آتے تھے کہ ان سے چارجڈ پارکنگ کی مقررہ فیس سے زیادہ رقم وصول کی جاتی ہے یا انہیں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کے ذریعے رقم دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں اس فیصلے سے شہریوں کو ریلیف ملے گا وہیں شہر سے غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کرانے والے مافیا سے بھی شہریوں کو نجات ملے گی۔

متعلقہ عنوان :