سعودی تعمیراتی کمپنی بن لادن نے 50 ہزار غیر ملکی ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 30 اپریل 2016 21:36

سعودی تعمیراتی کمپنی بن لادن نے 50 ہزار غیر ملکی ملازمین کو نوکری سے ..

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 اپریل۔2016ء) سعودی عرب کی ایک بڑی تعمیراتی کمپنی بن لادن گروپ نے سعودی حکومت کی جانب سے تیل کی کم قیمتوں اور ترقیاتی اخراجات میں کمی کے بعد اپنے 50 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان بن لادن گروپ کو کئی دہائیوں سے بڑے تعمیراتی منصوبوں کے ٹھیکے دیتا رہا ہے جس میں مسجد الحرام کا توسیعی منصوبہ بھی شامل ہے تاہم سعودی حکومت کو عالمی منڈی میں عرصے سے تیل کی کم قیمتوں کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا ہے اور اس نے متعدد تعمیراتی منصوبوں پر کام روک یا اسے منسوخ کر دیا ۔

کمپنی کے بعض منصوبوں میں کام کرنے والے ملازمین نے کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیانے الوطن اخبار کے حوالے سے بتایا کہ ملازمت سے نکالے گئے ملازمین غیر ملکی ہیں۔ الوطن کے مطابق نکالے گئے ملازمین کو ملک سے نکلنے کا کہا گیا ہے تاہم ملازمین نے تنخواہ کی ادائیگی تک ملک چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

بن لادن گروپ اسی خاندان کی ملکیت ہے جس سے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن دلان کا تعلق تھا۔سعودی عرب کی کابینہ نے رواں برس ہی ملکی معیشت کی تیل سے ہونے والی آمدن پر بڑی حد تک انحصار کو کم کرنے کی کوشش کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔سعودی عرب میں حکومتی آمدن کا تقریباً 80 فیصد حصہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پر مشتمل ہے اور گذشتہ برس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے اس کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔سعودی کابینہ کے منصوبے سے چند دن قبل یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں کہ سعودی عرب تیل سے حاصل ہونے والی آمدن میں کمی کے باعث بین الاقوامی بینکوں کے ساتھ دس ارب ڈالر قرضے کا معاہدہ کرنے کے قریب ہے۔

متعلقہ عنوان :